ڈینگو کے مریضوں کیلئے خون کے عطیہ دہندگان کی سخت ضرورت

   

پلیٹ لیٹس میں کمی سے مشکلات، دیگر علاقوں سے دوست احباب اور رشتہ داروں کی طلبی

حیدرآباد۔/17 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ڈینگو کے کیسس میں اضافہ کا رجحان محکمہ صحت کیلئے تشویش کا باعث بن چکا ہے۔ وبائی امراض کے پھیلاؤ سے سرکاری اور خانگی دواخانوں میں مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جارہا ہے ان میں زیادہ تر کیسس ڈینگو سے متاثرہ مریضوں کے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈینگو سے متاثرہ مریضوں میں پلیٹ لیٹس کی کمی نے خون کی طلب میں اضافہ کردیا ہے۔ پلیٹس لیٹس کی کمی دور کرنے کیلئے مریضوں کو صحت مند افراد کا خون دیا جاتا ہے اور کئی خاندانوں کو خون کیلئے اپنے دوست احباب اور رشتہ داروں سے رجوع ہوتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے دوست احباب اور رشتہ داروں کو خون کے عطیہ کیلئے طلب کیا جارہا ہے۔ موجودہ حالات میں خون کے عطیہ کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ خانگی دواخانوں کی جانب سے بلڈ بینک سے لائے جانے والے خون کے بجائے راست طور پر دیئے جانے والے خون کو قبول کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ مریضوں کے لئے کوویڈ سے پاک خون کی ضرورت ہوتی ہے لہذا خون کا عطیہ دینے والوں کے کوویڈ ٹسٹ کے بارے میں لا علمی کے سبب ہر کسی کا خون قبول کرنا ممکن نہیں ہے۔ مریضوں کے رشتہ داروں کو خون حاصل کرنے کیلئے غیر معمولی دوڑ دھوپ کرنی پڑ رہی ہے۔ خانگی ہاسپٹل میں اپنے رشتہ دار کیلئے خون حاصل کرنے میں مصروف ایک تیمار دار نے بتایا کہ انہوں نے نظام آباد سے اپنے رشتہ دار کو طلب کرتے ہوئے خون کا عطیہ حاصل کیا۔ ایک اور معاملہ میں خون کے عطیہ کیلئے رشتہ دار کو بنگلور سے بذریعہ طیارہ طلب کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیاب خون کے نمونوں کیلئے ڈونرس کا حصول آسان کام نہیں ہے۔ لہذا مریضوں کے رشتہ دار اپنے دوست احباب کو بذریعہ طیارہ دیگر شہروں سے طلب کرنے پر مجبور ہیں۔ ہر شخص میں پلیٹ لیٹس کا نارمل رینج 1.5 لاکھ سے 4.5 لاکھ ہوتا ہے لیکن ڈینگو کے مریضوں میں پلیٹ لیٹس کی شرح گھٹ کر 5 ہزار تک پہنچ جاتی ہے۔ شہر کے ڈاکٹرس کے مطابق پلیٹ لیٹس خون کے اخراج کو روکنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ر
محفل مناقب خلقائے راشدین
حیدرآباد 17 اکٹوبر (راست) مرکزی بزم میلادالنبی ﷺ کے زیراہتمام نور کی برسات کانفرنس کا اجلاس محفل مناقب خلفائے راشدین 18 اکٹوبر کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت مولوی محمد زماں خانصاحب شہید روپ لال بازار میں مقرر ہے۔ نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی القادری کریں گے۔ قاری محمد معاویہ علی کی قرأت کلام پاک کے بعد نگران محفل کے خطبہ استقبالیہ کے بعد شعراء و نعت خواں حضرات مناقب خلفائے راشدین پیش کریں گے۔