ڈی آر ڈی او کی دوا کورونا وائرس کیخلاف امید کی کرن:راجناتھ

,

   

عام علاج کے مقابلے تیزی سے اثر، حکومت آکسیجن کی فراہمی اور دوا کی دستیابی و دیگر اُمور میں سنجیدہ

نئی دہلی : وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ کورونا وائرس کے لئے دفاعی تحقیق اور ترقیاتی تنظیم (ڈی آر ڈی او) کے ذریعہ تیار کی جانے والی ڈی ڈی جی ۔ 2 دوا ملک کی سائنسی طاقت کی ایک مثال ہے اور یہ عالمی وباء کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں امید کی کرن ثابت ہوگی۔ راجناتھ سنگھ نے پیر کے روز ڈی اوکسی ۔ ڈی ۔2 گلوکوز (ڈی جی ۔ 2) دوا کو ریلیز کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ریڈیز لیباریٹری کے ساتھ مل کر بنائی جانے والی یہ دوا حکومت اور نجی شعبے کے مابین شراکت کی ایک عمدہ مثال ہے ۔ وزیر دفاع نے اس دوا کی افادیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے بتایا گیا کہ اس کے استعمال سے لوگ عام علاج کے مقابلے ڈھائی دن سے زیادہ تیزی سے علاج حاصل کرکے اسپتال سے ڈسچارج ہوچکے ہیں۔ نیز ، اس سے آکسیجن پر انحصار بھی کم ہوکر 40 فیصد تک رہ گیا ہے ۔ اس دواکا پاؤڈر کی شکل میں ہونا بھی اس کی ایک بڑی خصوصیت ہے ۔ او آر ایس پاوڈر کی طرح لوگ اسے بھی بہت آسانی سے استعمال کرسکیں گے۔اس کے ساتھ ہی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ تاہم، ہمیں ابھی مطمئن ہونے کی ضرورت نہیں ہے ، نہ ہی ہمیں تھکنے اور تھمنے کی ضرورت ہے ، اور نہ ہم رکیں گے ۔ کیونکہ کورونا وائرس کی یہ دوسری لہر آئی ہے ، اور اس کے بعد آگے بھی اس بارے میں کوئی بات قطعی نہیں ہے ۔ ہمیں پوری احتیاط کے ساتھ اقدامات جاری رکھنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر وقت صورتحال کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے ۔ خواہ وہ آکسیجن کی فراہمی کا معاملہ ہو، دوا کی دستیابی کا معاملہ ہو، آئی سی یو بستر کا معاملہ ہو یا کرائیوجینک ٹینکر کا بندوبست کرنے کی بات ہو، مکمل صورتحال کے لئے ایک اجتماعی کوشش کی گئی ہے جس کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے متعدد ہدایات جاری کیں ہیں جن کے تحت گھر گھر جاکر زیادہ سے زیادہ جانچ کی جارہی ہے ، اور عالمی وباء کورونا وائرس کی روک تھام میں مدد کے لئے آشا اور آنگن واڑی کے کارکنان کو تمام ضروری سازوسامان سے لیس کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کورونا وائرس کے خلاف ملک گیر مہم میں مسلح افواج کی میڈیکل سروس کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ فوج کے میڈیکل کور نے اپنے ریٹائرڈ ڈاکٹروں کو بھی دوبارہ خدمات میں واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہمارے صحت کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے اور وہ مزید مستحکم ہوسکے ۔ میں ایسے ڈاکٹروں کی دل سے ستائش کرتا ہوں جو اپنی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد بھی اس مہم میں شامل ہو رہے ہیں۔ ہمارے فضائیہ اور بحریہ کے جہازوں نے بھی بڑی تعداد میں آکسیجن سلنڈر، کنٹینر، کنسینٹریٹر، ٹیسٹ کٹس کی نقل و حمل میں اپنا کردار ادا کیا ہے ۔ فوجی اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات میں بھی تیزی سے توسیع کی گئی ہے۔ انہوں نے کورونا بحران کے نازک وقت کے دوران فوج کی تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام مشکلات سے گزرتے ہوئے بھی ہم نے یہ یقینی بنایا ہے کہ ملک کی سرحدوں پر ہماری تیاریوں میں کوئی اثر نہ پڑے ۔ ہماری افواج کے جوش و حوصلے میں کہیں بھی کمی نہیں ہے ۔ ہم اس کو بخوبی جانتے ہیں، خواہ کتنی ہی بڑی پریشانی کیوں نہ ہو ، ہم اس پر قابو پا لیں گے ۔