اپوزیشن کو خوف زدہ کرنے کیلئے ٹی آر ایس تشدد کی راہ پر
حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے نظام آباد کے آرمور میں رکن پارلیمنٹ ڈی اروند پر ٹی آر ایس کے غنڈوں کی جانب سے حملہ کا الزام عائد کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ عوام نے کے سی آر کو اقتدار کے لئے منتخب کیا ہے لیکن وہ غنڈہ گردی کے ذریعہ اپوزیشن کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے بھیس میں ٹی آر ایس کارکنوں نے اروند کی کار پر حملہ کیا۔ انہوں نے شکایت کی کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو بارہا فون کرنے کے باوجود انہوں نے فون لفٹ نہیں کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو کیا ایک ہوم گارڈ کی تبدیلی کا بھی حق نہیں دیا گیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ کمشنر پولیس نے بھی فون پر بات کرنے کی زحمت نہیں کی۔ تلنگانہ میں امن و ضبط کی صورتحال کو ابتر قرار دیتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے اپوزیشن کے خلاف پرتشدد کارروائیوں کے ذریعہ ماحول کو بگاڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس دراصل بی جے پی کی بڑھتی مقبولیت سے خوف زدہ ہے۔ انہوں نے رکن پارلیمنٹ کی گاڑی پر حملہ کے قصور واروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ر