ڈی جی پی مہیندر ریڈی اور دیگر عہدیداروں کی وزیر داخلہ محمود علی سے ملاقات

   


حیدرآباد ۔30 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی اور دیگر آئی پی ایس عہدیداروں نے آج وزیر داخلہ محمد محمود علی سے خیر سگالی ملاقات کی ۔ وزیر داخلہ نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کی حیثیت سے مہیندر ریڈی کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ مہیندر ریڈی نے محکمہ پولیس کو ملک بھر میں ایک منفرد اور نمایاں مقام تک پہنچایا ہے۔ محکمہ پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مہیندر ریڈی کا اہم رول رہا۔ وزیر داخلہ نے آئی پی ایس عہدیداروں سے ملاقات کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد مہیندر ریڈی نے کئی اہم عہدوں پر نمایاں خدمات انجام دی۔ ہر عہدہ پر انہوں نے اپنی کارکردگی کے نقش چھوڑے ہیں۔ مہیندر ریڈی نے ایڈیشنل ایس پی، ضلع ایس پی، حیدرآباد پولیس کمشنر اور ڈی جی پی کے عہدہ پر تقریباً 34 سال تک خدمات انجام دی ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کی حیثیت سے پانچ سال سے زیادہ عرصہ تک نمایاں خدمات کا ریکارڈ ہے۔ مہیندر ریڈی نے تلنگانہ پولیس کو ملک میں نمبر ون پولیس بنایا ہے۔ تلنگانہ پولیس کی تاریخ میں مہیندر ریڈی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے سبکدوش ہونے والے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو چارمینار کا یادگاری مومنٹو پیش کیا۔ پرنسپل سکریٹری ہوم روی گپتا ، ایڈیشنل ڈی جی پی جتیندر اور سنجے کمار جین کو نئی پوسٹنگ پر وزیر داخلہ نے مبارکباد پیش کی۔ر