سیاسی حلقوں میں تجسس میں اضافہ، اسپیکر کے فیصلہ کو چیلنج
حیدرآباد۔16۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ رکن اسمبلی خیریت آباد ڈی ناگیندر کی اسمبلی رکنیت کے مسئلہ پر جمعہ کو فیصلہ سنائے گا۔ چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ اور جسٹس جی ایم محی الدین پر مشتمل بنچ کو آج فیصلہ سنانا تھا لیکن بنچ نے فیصلہ کو جمعہ تک کے لئے ملتوی کردیا۔ بی جے پی رکن اسمبلی مہیشور ریڈی اور بی آر ایس رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے ناگیندر کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کی اپیل کی ہے۔ درخواست گزاروں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس پارٹی سے اسمبلی کے لئے منتخب ہونے کے بعد ناگیندر نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی اور لوک سبھا الیکشن میں کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا۔ درخواست گزاروں نے دعویٰ کیا کہ انسداد انحراف قانون کی خلاف ورزی پر ناگیندر کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیا جائے ۔ ارکان اسمبلی نے اسپیکر ٹریبونل کے فیصلہ کو چیلنج کیا جس میں ڈی ناگیندر کو کلین چٹ دی گئی۔ چیف جسٹس نے فریقین کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کردیا تھا اور آج فیصلہ سنائے جانے کا دن تھا۔ چیف جسٹس نے فیصلہ کو جمعہ تک ملتوی کردیا جس کے نتیجہ میں سیاسی حلقوں میں تجسس مزید بڑھ چکا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر اسپیکر اسمبلی پرساد کمار نے 10 منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف دائر کردہ شکایتوں کی جانچ کی اور تمام ارکان اسمبلی کو کلین چٹ دیتے ہوئے انحراف کے الزامات کو خارج کردیا۔ بی جے پی اور بی آر ایس کی جانب سے اسپیکر کے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ دیگر 9 منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف علیحدہ درخواستیں ہائی کورٹ میں زیر التواء ہیں۔1/k