کئی ریاستوں کو جوڑنے والا کرشنا پل 45 دن کیلئے مسدود

   

نظام دور کی تعمیر پل کی درستگی و مرمت کے سبب متبادل راستہ کی رہنمائی، ایس پی کا بیان
نارائن پیٹ ۔ 16 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ایس پی نارائن پیٹ مسٹر یوگیش گوتم آئی پی ایس نے ایک بیان میں کہا کہ نارائن پیٹ ضلع کے کرشنا پل سے رائچور جانے والی گاڑیاں 17 جنوری صبح 5 بجے سے 45 دن تک بند رہیں گی۔ حکومت کرناٹک کی طرف سے کرشنا پل کی مرمت کے دوران کرشنا، مکتھل اور ماریکل پولیس اسٹیشن کے علاقہ میں NH-167 سڑک کو بند کردیا جائے گا۔ ایس پی نے کہا کہ رائچور جانے والوں کو مریکل سب اسٹیشن سے چتنور، امراچنتا جورا لاڈیم اور گدوال کے راستے کے ٹی ڈو ڈی رائچور کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ دریائے کرشنا پر واقع قدیم کرشنا پل جس کو صراط جودی پل بھی کہا جاتا ہے اس کی دیڑھ ماہ تک کے لئے مسدودی کے سبب تلنگانہ اور کرناٹک کے علاوہ دیگر ریاستوں کو جوڑنے والی یہ مصروف ترین شاہراہ آئندہ 45 دن تک مسدود رہے گی۔ اطلاعات کے مطابق برج پر جگہ جگہ بڑے شگاف اور سڑک کی انتہائی خستہ ہالی کی وجہ سے اس کی درستگی و مرمت کی جائے گی اور اس تعمیر کے دوران 17 جنوری سے اگلے 45 دن تک اس قومی شاہراہ کو مسدود رکھا جائے گا۔ ضلع ایس پی نارائن پیٹ یوگیش گوتم کے بموجب اس قومی شاہراہ کے تمام مسافرین و راہ گیروں اور ٹرانسپورٹ کو اطلاع دیتے ہوئے متبادل راستہ کی رہبری کردی گئی ہے اور محبوب نگر سے رائچور جانے والوں کو دیورکدرہ، مریکل پولیس اسٹیشنوں سے رہنمایانہ خطوط کے بورڈ آویزاں کرتے ہوئے مریکل سب اسٹیشن سے رُخ موڑ کر چننور، امرچنتہ، جورا لاڈیم، گدوال کے راستہ رائچور کے لئے رہبری کی جارہی ہے جبکہ حیدرآباد سے رائچور جانے والے جڑچرلہ، کوتہ کوٹہ، ایراولی چوراستہ رائچور پہنچیں گے۔ ضلع ایس پی نارائن پیٹ یوگیش گوتم نے مسافرین سے اپیل کی کہ وہ نظام دور حکومت میں تعمیر کردہ اس قدیم کرشنا برج کی درستگی و تزئین نو کے لئے اپنی جانب سے راستہ تبدیل کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے بھرپور تعاون کریں۔