نئی دہلی : افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کرتا پروان گوردوارہ پر دہشت گردانہ حملے کے کچھ دن بعد 11افغان سکھوں کا ایک جتھہ جمعرات کو ہندوستان پہنچ رہا ہے ۔ اس حملے میں ایک افغان سکھ اور ایک افغان سکیورٹی اہلکار کی موت ہوگئی تھی۔یہ لوگ 18 جون کو گرودوارہ حملے میں مارے جانے والے افغان سکھ سوندر سنگھ کی استھیاں لائیں گے ۔ حملے میں زخمی ہونے والوں میں سے ایک رکبیر سنگھ بھی اس جتھے میں شامل ہے ۔دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے خراسان یونٹ نے گردوارے پر حملہ کیا تھا۔امرتسر کی شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی) کی جانب سے ورلڈ فورم آف انڈیا اور حکومت ہند کے تال میل سے افغان ہندوؤں اور سکھوں کو افغانستان سے ہندوستان لانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔