کابل سے امریکی انخلا کے دوران بچھڑنے والا بچہ خاندان کو واپس مل گیا

   

دبئی : پانچ ماہ قبل افغانستان میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے گھرانے سے بچھڑ جانے والا شیر خوار بچہ اپنے دادا کی آغوش میں پہنچ گیا۔ اس عرصے میں یہ بچہ ایک ٹیکسی ڈرائیور کے گھر میں رہا۔یہ بچہ ڈرائیور کو کابل کے ہوائی اڈے پر تنہا ملا تھا۔ یہ واقعہ 19 اگست کو کابل ہوائی اڈے پر شدید ہجوم کے درمیان پیش آیا تھا جب افغان شہری مرزا علی احمدی نے اپنے (دو ماہ کے) بیٹے سہیل کو حفاظت کی نیت سے ایک غیر ملکی فوجی کے حوالے کر دیا۔اس امید کے ساتھ کہ وہ چند منٹوں کے بعد پھر سے اپنے بیٹے سے جا ملے گا۔اس کے بعد کیا ہوا یہ واضح نہیں تاہم 29 سالہ ٹیکسی ڈرائیور حمید صافی نے واقعے کے اگلے روز اس بچے کو کابل ہوائی اڈے کی زمین پر تنہا روتا ہوا پایا۔دوسری جانب احمدی جو کابل میں امریکی سفارت خانے میں کام کرتا تھا اس نے تین روز تک ہوائی اڈے پر اپنے بچے کی تلاش میں گزار دیئے۔