طبقاتی سروے سے مسلم تحفظات کا موقف مستحکم ، اپوزیشن قائدین کی گرفتاری میں کوئی عجلت نہیں، قانون اپنا کام کرے گا، دہلی میں میڈیا سے بات چیت
حیدرآباد ۔7۔فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے واضح کیا کہ تلنگانہ کابینہ میں توسیع کا فی الوقت کوئی منصوبہ نہیں ہے اور یہ فیصلہ کانگریس اعلیٰ کمان کرے گا۔ نئی دہلی میں ملکارجن کھرگے سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کابینہ میں فوری طور پر توسیع کے امکانات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت میں کب توسیع ہو اور بحیثیت وزیر کس کو شامل کیا جائے ، اس بات کا قطعی فیصلہ ہائی کمان کرے گا۔ میں نے وزارت کیلئے کسی کا نام تجویز نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی توسیع کے معاملہ میں میری کوئی مداخلت اور رول نہیں ہے ۔ اس سلسلہ میں فیصلہ کرنا ہائی کمان کا کام ہے۔ توسیع سے متعلق مختلف ناموں کے زیر گشت ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ میں نے کسی کے نام کی سفارش نہیں کی ہے۔ ہائی کمان نے مجھے جو ذمہ داری دی ہے ، میں اس کی تکمیل کی مساعی کر رہا ہوں۔ پارٹی اورحکومت میں جو کچھ بھی ہورہا ہے ، اس سے ہائی کمان اچھی طرح واقف ہے۔ راہول گاندھی سے ملاقات نہ ہونے کے بارے میں سوال پر ریونت ریڈی نے کہا کہ میں نے راہول گاندھی سے ملاقات کا وقت نہیں پوچھا تھا۔ راہول گاندھی اور میرے درمیان روابط سے واقف افراد اگر تبصرہ کریں تو مجھے کوئی پرواہ نہیں۔ پارٹی اور حکومت کے اہم فیصلہ ہائی کمان کے علم میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ انفرادی فیصلوں کے بجائے پارٹی کے اجتماعی فیصلہ پر یقین رکھتے ہیں۔ پارٹی نے جو ذمہ داری دی ہے ، اس کی تکمیل میرا فریضہ منصبی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کی تنقید کا جواب دینا وہ ضروری نہیں سمجھتے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ طبقاتی سروے میں پسماندہ طبقات کی آبادی میں 5.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اسمبلی میں بی جے پی رکن پی شنکر نے سرکاری اعداد و شمار سے اتفاق کیا۔ چیف منسٹر نے اپوزیشن قائدین پر مقدمات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ قانون اپنا کام کرے گا ۔ اپوزیشن کو جلد گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیجنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ حکومت مسائل کے مستقل حل کی سمت پیش قدمی کر رہی ہے۔ طبقاتی سروے سائنٹفک انداز میں مکمل کیا گیا۔ سروے کے نتیجہ میں مسلم تحفظات کے مسئلہ کا مستقل طور پر حل نکل آیا ہے کیونکہ مسلمانوں میں 10 فیصد بی سی طبقات کی نشاندہی ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کی منظوری کیلئے وہ دہلی آئے ہیں اور ہائی کمان سے منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ عاملہ کا اندرون دو یوم اعلان کردیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہائی کمان کو طبقاتی سروے اور ایس سی زمرہ بندی کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا ہے۔ میدک اور نلگنڈہ میں بی سی اور ایس سی طبقات کے عام جلسوں کی تجویز سے ہائی کمان کو واقف کرایا گیا۔ چیف منسٹر ان جلسوں میں راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے کو مدعو کرنا چاہتے ہیں۔1