کار درخت سے ٹکرانے پر چار افراد زخمی ، ڈرائیور کی حالت تشویشناک

   

یلاریڈی /19 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی منڈل کے حاجی پور تانڈا علاقہ کے قریب دوپہر کو پیش آئے سڑک حادثہ میں تیز رفتار کار درخت سے ٹکرانے پر چار افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق یلاریڈی سے کاماریڈی کی طرف جارہی کار سامنے سے آرہی گاڑی کو بچانے پر بے قابو ہوئی اور درخت سے ٹکرا گئی جس سے ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا اور اس میں سوار تین افراد بھی شدید زخمی ہوگئے ۔ ان تمام زخمیوں کو یلاریڈی سرکاری دواخانہ 108 ایمبولنس میں منتقل کیا گیا ۔ جہاں ڈاکٹروں نے ڈرائیور کی حالت تشویشناک ہونے پر حیدرآباد منتقل کیا ۔ حادثہ میں کار بری طرح تباہ ہوگئی ۔ واضح رہے کہ تیز رفتاری حادثہ کی وجہ بتایا گیا ۔

رائس مل کی بے قاعدگی پر مقدمہ
جگتیال /19 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلعی عہدیدار محکمہ سیول سپلائی چندن کمار نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ کلکٹر محکمہ سیول سپلائی کی ہدایت پر کورٹلہ اودئے رائیس مل میں محکمہ سیول سپلائی کے ابتدائی سطح کے عہدیداروں نے اچانک معائنہ کیا۔ جہاں موسم برسات سال 23-2022 سے متعلقہ 29563.00 کنٹل دھان کی درآمد کی گئی تھی ،لیکن تنقیح میں صرف 4500.00 کنٹل دھان ہی دستیاب پائے گئے۔جس پررائیس مل پر 6A مقدمہ درج کرنے کے ساتھ ساتھ مجرمانہ مقدمہ درج کیا گیا۔اور ماباقی دھان کو حاصل کرتے ہوئے اسکے تحفظ کیلئے پردیپ وینایاکا ٹریڈرس ،بالاجی رائیس مل ،ابراہیم پٹنم میں رکھا گیا۔اس موقع پر نائب تحصیلدار محکمہ سیول سپلائی ملیال، مٹ پلی اور مٹ پلی کے محکمہ سیول سپلائی کے انسپکٹرس موجود تھے۔