اسپیشل آپریشن ٹیم اور آر سی پورم پولیس کی ممبئی میں کارروائی ، ملزمین گرفتار
حیدرآباد ۔ 23 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) کار ڈرائیور کے سنسنی خیز قتل کو پولیس سائبرآباد نے حل کرلیا اور 5 رکنی بین ریاستی قاتلوں کی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس شیرلنگم پلی زون مسٹر سی ایچ سرینواس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 11 ستمبر کی اولین ساعتوں میں کار ڈرائیور راج شیکھر کا قتل کیا گیا اور نعش کو چھوڑکر ملزمین کار لیکر فرار ہوگئے اور ٹکنیکل خامیوں کے سبب کار کو کوہیر کے علاقہ میں چھوڑکر ممبئی فرار ہوگئے ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم اور آر سی پورم پولیس نے مشترکہ کارروائی میں اس کیس کو حل کرلیااور تین افراد 28 سالہ جی راہول ، 29 سالہ سورج ششی کانت تاوڑے اور 33 سالہ رامچندرا ساکنان مہاراشٹرا کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر دو ملزمین مفرور ہیں۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ مقتول راج شیکھر کا تعلق کھمم سے تھا جو کیاب ڈرائیور تھا ۔ پولیس کے مطابق 11 ستمبر کی اولین ساعتوں میں سکندرآباد کے علاقہ میں ٹاسک فورس آفس کے قریب اس ٹولی نے راج شیکھر سے کرایہ پر ممبئی ہائی وے چھوڑنے کی بات کی اور بات چیت طئے ہونے کے بعد اس کی کار میں سوار ہوگئے جیسے ہی گاڑی رددرارم کے علاقہ میں پہونچی کار کو روکا گیا اور ایک نے فلمی انداز میں توال کے ذریعہ راج شیکھر کا گلہ گھونٹ کر اس کا قتل کیا اور کار لیکر ممبئی فرار ہونے کی کوشش میں تھے کہ گاڑی کو کوہیر کے علاقہ میں ٹکنیکل خامی کے سبب خراب ہوگئی ۔ اس سلسلہ میں پٹن چیرو پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا جبکہ بیگم پیٹ پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ درج کی گئی تھی ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم اور آر سی پورم پولیس نے اُنھیں گرفتار کرلیا ۔ اس موقع پر اے سی پی آر سی پورم سی ایچ وائی سرینواس کمار اور دیگر موجود تھے ۔ ع