کاز کیلئے جدوجہد میں تشدد نہ ہو، صدرکووند کا قوم سے خطاب

,

   

نئی دہلی ، 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے ہفتہ کو عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ جب کسی کاز کیلئے جدوجہد کریں تو عدم تشدد کی راہ ترک نہ کریں، اور سماجی و معاشی مقاصد کے حصول کے ’’دستوری طریقوں پر کاربند‘‘ رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُن ریمارکس نئے قانون شہریت کے خلاف جاری احتجاجوں کے پس منظر میں سامنے آئے، حالانکہ انھوں نے ایجی ٹیشن کا حوالہ نہیں کیا۔ 71 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر قوم سے اپنے روایتی خطاب میں کووند نے انسانیت کیلئے مہاتما گاندھی کے تحفۂ ’اہمسا‘ (عدم تشدد) کا حوالہ دیا اور کہا کہ اُن کا یہ طے کرنے کا جادو کہ آیا کوئی عمل درست ہے یا غلط، ’’ہماری جمہوریت کی کارکردگی سے مربوط‘‘ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان تین ستونوں مقننہ، عاملہ اور عدلیہ پر مشتمل ہے جو لازماً ایک دوسرے سے مربوط اور ایک دوسرے پر منحصر ہیں۔ ’’پھر بھی حقیقت ہے کہ عوام پر مملکت مبنی ہے۔ ہم یعنی عوام اس جمہوریہ کے اصل محرکین ہیں۔ ہمارے ساتھ ہی ہندوستان کے عوام کی حقیقی طاقت موجود ہے جو ہمارے اجتماعی مستقبل کو طے کرتی ہے۔‘‘ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو ’’اہم رول ادا کرنا ہے‘‘ صدرجمہوریہ نے کہا کہ اپنے سیاسی نظریات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کو تال میل کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے تاکہ یقینی ہوجائے کہ ملک کی ترقی اور اس کے عوام کی بہبود کا استقلال کے ساتھ فروغ ہوتا رہے۔ اپنے خطاب میں جسے ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا، کووند نے کہا کہ گاندھی جی کے نظریات بدستور تعمیر قوم کی کوششوں سے مطابقت رکھتے ہیں۔ 26 جنوری کی اہمیت کو تازہ کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہا کہ 1947ء سے قبل بھی یہ دن ’پورن سوراج ڈے‘ (مکمل یوم آزادی) کے طور پر 1930ء سے منایا جاتا تھا۔ کووند نے کہا کہ اگرچہ دستور نے آزاد جمہوری قوم کے تمام شہریوں کو حقوق دیئے ہیں، لیکن کچھ ذمہ داریاں بھی ڈالی ہیں جن کی ہمیشہ تعمیل کرنا جمہوریت کے بنیادی اوصاف … انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارہ کی تکمیل کے مترادف ہے۔

ملک بھر میں آج جشن جمہوریہ تقاریب
صدر کووند پرچم کشائی کریں گے ۔ برازیلی صدر خصوصی مہمان
نئی دہلی ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)قومی دارالحکومت نئی دہلی کے بشمول ملک بھر کی تمام ریاستوں میں اتوار /26 جنوری کو یوم جمہوریہ کا جشن منایا جائے گا جس کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ اس ضمن میں قومی پریڈ کیلئے ریہرسل بھی کی گئی ۔ دہلی میں جن پتھ پر یوم جمہوریہ کی مرکزی تقاریب منعقد ہوں گی جہاں صدرجمہوریہ رامناتھ کووند رسم پرچم کشائی انجام دیں گے اور مرکزی پریڈ کا مشاہدہ کریں گے ۔ اس موقع پر برازیلی صدر بولسونارو مہمان خصوصی رہیں گے ۔ ملک کی مسلح افواج اپنی بھرپور طاقت کا مظاہرہ کریں گی ۔ ملک بھر سے آئی جھانکیاں مرکزی پریڈ میں نظر آئیں گی جن کے ذریعہ ہندوستان کی رنگارنگ عظیم ثقافت کی جھلکیاں دیکھنے میں آئیں گی ۔