وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ کی سخت مذمت ، مرکزی وزیر کا مشورہ توہین آمیز ریمارکس
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے مرکزی حکومت کی جانب سے آزادی کے مہا اتسو تقاریب منانے کے انداز کو قومی پرچم کی توہین کے مترادف قرار دیا ۔ مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی کے ان ریمارکس کی شدید مذمت کی کہ مرکزی حکومت قومی پرچم فراہم کرنے کے موقف میں نہیں ہے ۔ لہذا عوام ’ کاغذ کے قومی پرچم ‘ سے آزادی کا 75 واں سالہ جشن منائیں ۔ سدی پیٹ کے مواضعات میں رنگنا نیک ساگر کے پاس فریڈم پارک کا ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت قومی پرچم تیار کرنے کے موقف میں نہیں ہے ۔ میک ان انڈیا کے سارے نعرے کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں ۔ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کے ریمارکس سے پتہ چلتا بی جے پی کے زیر قیادت مودی حکومت آزادی کے مہااتسو تقاریب کو کتنی اہمیت دے رہی ہے ۔ تلنگانہ حکومت میک ان تلنگانہ کے نام سے قومی پرچم تیار کرتے ہوئے گھر گھر تقسیم کررہی ہے ۔ بافندوں کو روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے تلنگانہ حکومت ایک کروڑ 20 لاکھ قومی پرچم تیار کررہی ہے ۔ ہریش راؤ نے گاندھی جی کی توہین کرنے اور گاڈسے کی ستائش کرنے والی تنظیموں ، شخصیتوں اور اداروں کے خلاف مہم چلانے کا عوام کو مشورہ دیا ۔ مرکزی حکومت پر ایسی شخصیتوں ، اداروں اور تنظیموں کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ ملک کی نوجوان نسل میں حب الوطنی پیدا کرنے کے لیے آزادی کی جدوجہد میں قربانیاں دینے والے مجاہدین کی تھیٹرس سے فلمیں بتانے پر زور دیا ۔۔ ن