کالج کی طالبات کو ہراساں کرنے والی ٹولی کا پردہ فاش

   


چار ملزمین گرفتار، سیل فونس ضبط، گھٹکیسر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 7 جنوری (سیاست نیوز) کالج طالبات کو ہراساں کرنے والی ٹولی کا گھٹکیسر پولیس نے پردہ فاش کردیا ہے اور 4 بدغماشوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا جو لڑکیوں کی تصاویر سے چھیڑچھاڑ کرتے ہوئے لڑکیوں کو عریاں پیش کررہے تھے اور ان کالج کی طالبات کو بلیک میل کررہے تھے۔ گذشتہ نومبر سے یہ سلسلہ جاری تھا۔ تاہم پولیس کی جانب سے بالآخر کارروائی کی گئی۔ جب لڑکیاں اپنی عصمت کی حفاظت کیلئے سڑک پر اتر آئی تھیں۔ گھٹکیسر پولیس نے اس سلسلہ میں 19 سالہ سی لکشمی گنیش، 19 سالہ ایم پردیپ ساکنان گنٹور اور 20 سالہ بی ستیش اور 19 سالہ سی درگاہ پرساد ساکنان وجئے واڑہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 4 سیل فون ضبط کرلئے۔ اوشاپور میں واقع ویگنیا بھارتی انجینئرنگ کالج کی طالبات کو ان کی تصاویر فون نمبرات کے ذریعہ ہراساں کیا جارہا تھا۔ لڑکیوں کے موبائل ڈاٹا کو ہیک کرتے ہوئے ان کے واٹس ایپ ڈی پیز کو استعمال کرنے کے علاوہ ان کی تصاویر سے چھیڑچھاڑ کرتے ہوئے عریاں تصاویر بنائی جارہی تھیں اور لڑکیوں کو بلیک میل کیا جانے لگا تھا۔ اکثر کالج کی طالبات سے پیش آئے واقعات کی روک تھام اور سلامتی کیلئے کالج کی لڑکیوں نے احتجاج کیا تھا۔ پولیس نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ہراسانی اور بلیک میلنگ میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ع