کاماریڈی میں ایس آئی آر مکمل ، شفافیت کو ترجیح :کلکٹر

   

کاماریڈی ۔ 11 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) الیکشن کمیشن آف انڈیا اور ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر کی نگرانی میں جاری ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی پروگرام (ایس آئی آر) ضلع کاماریڈی میں کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا گیا ہے۔ ضلع کلکٹر آشیش سنگوان نے بتایا کہ ووٹر لسٹ میں تفصیلات کی درستگی، شفافیت اور مستند اندراج کو ترجیح دیتے ہوئے اس عمل کو انجام دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے جکل، یلاریڈی اور کاماریڈی تین اسمبلی حلقوں کے تحت آنے والے 796 پولنگ مراکز سے متعلق مجموعی طور پر 6,96,006 ووٹروں کے انتخابی فارمس کی طباعت اور تقسیم کا 100 فیصد عمل مکمل ہوچکا ہے۔ ووٹرز کی تفصیلات کا زمینی سطح پر باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے انہیں جامع انداز میں درج کیا گیا ہے تاکہ ووٹر لسٹ کو مزید درست اور شفاف بنایا جاسکے۔ حلقہ وار تفصیلات کے مطابق جکل اسمبلی حلقہ میں 2,06,343 ووٹروں کو انتخابی فارمس کی 100 فیصد تقسیم مکمل ہوئی ہے، جبکہ اب تک 90.27 فیصد تفصیلات کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل کی جاچکی ہے۔ یلاریڈی اسمبلی حلقہ میں 2,28,503 ووٹروں کو فارمس کی 100 فیصد تقسیم عمل میں آئی اور 90.17 فیصد تفصیلات کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل ہوئی ہے۔ اسی طرح کاماریڈی اسمبلی حلقہ میں 2,61,160 ووٹروں کو فارمس کی 100 فیصد تقسیم کی گئی جبکہ 83.96 فیصد تفصیلات کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل ہوئی ہے۔ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 6,96,006 ووٹرز ہیں اور تمام ووٹروں کے انتخابی فارمس کی طباعت و تقسیم مکمل ہوچکی ہے۔ اب تک 6,11,568 انتخابی فارمس، یعنی 87.87 فیصد فارمس کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل کی گئی ہے۔ خصوصی جامع نظرثانی پروگرام کے تحت 796 بوتھ سطح کے افسران نے مکمل تربیت حاصل کی ہے، جبکہ 84,438 غیر تصدیق شدہ انتخابی فارمس کا اندراج بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایس آئی آر کے عمل کے تحت مسودہ ووٹر لسٹ شائع کی جائے گی، جس کے بعد ہر ووٹر کو لازماً اپنے نام، پتہ، عمر اور دیگر انتخابی تفصیلات کی دوبارہ جانچ کرلینی چاہیے۔ اگر کسی ووٹر کی تفصیلات میں کوئی غلطی ہو، نام درج نہ ہو یا کسی قسم کا اعتراض ہو تو وہ مقررہ قواعد کے مطابق متعلقہ انتخابی حکام سے رجوع کرتے ہوئے اصلاحات یا اعتراضات درج کراسکتے ہیں۔