کاماریڈی میں دوسرے دن بھی لاک ڈاؤن مکمل کامیاب

   

کاماریڈی۔کرونا وباء میں شدت کے پیش نظر چیمبر آف کامرس ، کل جماعتی قائدین ، جمعیت العلماء کی جانب سے نافذ کردہ لاک ڈائون آج دوسرے دن بھی جاری ہے دوسرے دن کل جماعتی قائدین وینو گوپال رائو ، کے سرینواس رائو ، ارکان بلدیہ محمد امجد ،محمد نذیر الدین، محمد سلیم ، مرزا حفیظ بیگ ، آنند کمار کے علاوہ کانگریس ، ٹی آرایس کے قائدین و دیگر نے بازاروں میں گھومتے ہوئے لاک ڈائون کا جائزہ لیا ۔لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دکانات کھلے رکھنے پر بلدیہ کی جانب سے پانچ ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شبری ماتا ٹکسٹائلس ملبوسات کی دکان کھلی رکھنے پر پانچ ہزار روپئے اسی طرح ثانیہ چکن سنٹر کھلے رکھنے پر انہیں بھی بلدیہ کی جانب سے پانچ ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ لاک ڈائون کے پیش نظر کاماریڈی میں تمام کاروبار کو بند رکھنے کے علاوہ ترکاری اور دودھ و دیگر ضروری اشیاء کی دکانات کو کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ گوشت اور چکن کی دکانات کو اتوار کے دن کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن چند دکاندارلاک ڈائون کیخلاف کام کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے پر جرمانے عائد کئے گئے ۔ کاماریڈی میں آج تقریباً 30 تا 40 ہزار روپئے کے جرمانہ وصول کئے گئے ۔ آج دوسرے دن بھی بازار مکمل طور پر بند کیا گیا اور سڑکیں سنسان نظر آرہی تھی اور اہم چوراستوں پر پولیس پیاکٹس تعینات کئے گئے تھے ۔