کامیڈین منور فاروقی کے مجوزہ شو کو روکنے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی دھمکی

   

20 اگست کو حیدرآباد میں شو کا اعلان، شو کے مقام کو آگ لگا دینے بی جے پی رکن کا انتباہ
حیدرآباد ۔11۔اگست (سیاست نیوز) مشہور کامیڈین منور فاروقی کے حیدرآباد میں 20 اگست کو شو پر پھر ایک مرتبہ بی جے پی نے مخالفت کا آغاز کردیا ہے ۔ ایکتا کپور کے ریالٹی شو لاک اپ میں کامیابی کے بعد منور فاروقی سابق میں حیدرآباد میں شو کا اہتمام کرنے والے تھے لیکن بی جے پی کی مخالفت کے بعد اسے ملتوی کردیا گیا ۔ اس مرتبہ 20 اگست کو شو کا اہتمام کیا جارہا ہے جس کا انعام منور فاروقی نے انسٹگرام پر کیا۔ آن لائین ٹکٹ بکنگ کا آغاز کیا گیا اور ٹکٹ کی قیمت 499 روپئے سے شروع ہورہی ہے ۔ شو کے مقام کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ۔ منور فاروقی کے پرستاروں اور چاہنے والوں نے سوشیل میڈیا پر شو کا خیرمقدم کیا ہے ۔ واضح رہے کہ وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے منور فاروقی کو حیدرآباد میں شو کرنے کی دعوت دی تھی ۔ جنوری میں شو کی تیاری کی گئی لیکن کورونا اور بی جے پی احتجاج کی دھمکی کے بعد شو ملتوی کیا گیا ۔ بنگلور میں بھی ہندو تنظیموں کے احتجاج پر شو ملتوی کیا جاچکا ہے ۔ سوشیل میڈیا پر منور فاروقی شو کی تشہیر کے دوران بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے منور فاروقی کو انتباہ دیا کہ وہ شو سے گریز کریں۔ راجہ سنگھ نے دھمکی دی کہ منور فاروقی کو تلنگانہ میں داخل ہونے نہیں دیا جائیگا اور اگر پروگرام ہوتا ہے تو اس مقام کو آگ لگادی جائیگی۔ انہوں نے منور فاروقی کو حملہ کا نشانہ بنانے کی دھمکی دی ۔ راجہ سنگھ نے ہندوؤں سے اپیل کی کہ وہ بھگوانوں کی توہین کرنے والے منور فاروقی کو ریاست میں آنے سے روکیں۔ انہوں نے شو منتظمین کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔ر