کانپور : کانپور میں وکلاء کی غنڈہ گردی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ یہاں خواتین پولیس اسٹیشن کے قریب وکلا ء نے ٹریفک کانسٹیبل کے ساتھ بدتمیزی کی۔ اسے سڑک پرگرا دیا اور مارا پیٹا اس کی وردی بھی پھاڑ دی گئی۔ اس کے ساتھ وکلا نے کانسٹیبل پر ہیلمٹ سے حملہ بھی کیا۔یہ سارا واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔ سی سی ٹی وی ویڈیو کو پولیس افسران نے نوٹس میں لیا اور متاثرہ کانسٹیبل کی تحریر پر کوتوالی پولیس اسٹیشن میں تین نامزد افراد سمیت 13 دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ٹریفک کانسٹیبل جتیندر خواتین پولیس اسٹیشن کے قریب ڈیوٹی پر تھے۔ دوپہر دو بجے کے قریب ایڈوکیٹ ستیندر باجپئی عرف چندو کی گاڑی کی وجہ سے جام ہوگیا۔ جب کانسٹیبل نے اسے روکا تو اس نے اپنے ساتھیوں آشوتوش کٹیار اور جتیندر عرف جیتو باجپئی کو بلایا۔ ان لوگوں نے مل کر کانسٹیبل کو سڑک پر گراکر مارا پیٹا اور اس کی وردی پھاڑ دی۔جوائنٹ کمشنر آف پولیس آنند پرکاش تیواری کے حکم پر کوتوالی تھانے میں ستیندر باجپائی، آشوتوش کٹیار اور جتیندر عرف جیتو اور 10 نامعلوم کے خلاف دفعہ 147 (بغاوت)، 332 (سرکاری ملازم کو دھمکانا)، 353 (سرکاری کام میں رکاوٹ) ایف آئی آر دفعہ 323 (حملہ)، 427 (پچاس روپے یا اس سے زیادہ کا نقصان)، 504، 506 (جان سے مارنے کی دھمکی) کے تحت درج کی گئی ہے۔