کانگریس اقلیتی ڈیکلریشن ڈرافٹ کمیٹی کا 21 اگست کو پہلا اجلاس

   

مسودہ تیاری کمیٹی میں مزید 6 ارکان کی شمولیت ، ریونت ریڈی کی ہدایت پر احکامات کی اجرائی
حیدرآباد 19 اگست ( سیاست نیوز ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی نے اقلیتی ڈیکلریشن کی تیاری کیلئے ڈرافٹ کمیٹی کو توسیع دیتے ہوئے مزید ارکان کو شامل کیا ہے جس کا پہلا اجلاس 21 اگست کو گاندھی بھون میں منعقد ہوگا جس میں اقلیتوں کے مسائل پر تفصیلی طور پر غور کرکے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ صدر پردیش کانگریس کی منظوری کے بعد ورکنگ صدر بی مہیش کمار گوڑ نے احکام جاری کئے جس میں بتایا گیا کہ 7 رکنی ڈرافٹ کمیٹی میں کانگریس کے مزید 6 قائدین کو شامل کیا گیا ہے ۔ ان میں سید عظمت اللہ حسینی ، دیپک جان ، عظمیٰ شاکر ، پروفیسر محمد ریاض ، ایزکیل بیرودوگڈا اور راشد خان شامل ہیں۔ اب ڈرافٹ کمیٹی کی تعداد بڑھ کر 13 تک پہونچ گئی ہے ۔ کانگریس قائد سابق وزیر محمد علی شبیر نے بتایا کہ کانگریس اقلیتی ڈیکلریشن کی تیاری کیلئے تشکیل دی گئی ڈرافٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کو 11-30 بجے دن گاندھی بھون میں طلب کیا ہے ۔ اجلاس میں ریاست کی اقلیتوں کے تعلیمی ، معاشی ، سماجی پسماندگی کا جائزہ لیا جائے گا ۔ بی آر ایس حکومت میں اقلیتوں سے نا انصافیوں ، وعدہ خلافی کے علاوہ دیگر مسائل پر غور کیا جائے گا ۔ کانگریس کے 10 سالہ دور حکومت میں اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے اقدامات کا احاطہ کیا جائیگا ۔ اقلیتی ڈیکلریشن کے مسودہ کی تیاری سے قبل مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں سے تجاویز حاصل کی جائیں گی اور رپورٹ کو جامع شکل دے کر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی کو پیش کردی جائے گی ۔ ن