کانگریس امیدوار گوڑا کے 223 کروڑ کے اثاثے

   

بنگلورو: کرناٹک کی مانڈیا لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے امیدوار وینکٹ رمنے گوڑا نے اپنے اثاثہ جات کا اعلان کیا ہے جس میں کل 223 کروڑ روپے کی منقولہ اور غیر منقولہ املاک شامل ہیں۔ گوڑا کے اثاثوں میں ڈیولپڈ پراپرٹی، زمینیں، تجارتی اور رہائشی بلڈنگ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اسٹار انفراٹیک کے بھی مالک ہیں۔ ان کے اثاثے بنیادی طور پر رئیل اسٹیٹ اور بینک اکاؤنٹس کی شکل میں ہیں جن کی مالیت 29.94 کروڑ روپے ہے ۔ تاہم ان کے پاس نسبتاً کم نقدی ہے اور کوئی زیور یا قیمتی سامان نہیں ہے ۔ ان کے اوپرکل 31.37 کروڑ روپے کا بینک قرض ہے جو ان کی مجموعی مالیت اور مالی حیثیت کو متاثر کرتے ہیں۔ گوڑا کی اہلیہ کُسوما کرشنا گوڑا، جو ایک کاروباری خاتون ہیں، 182 کروڑ روپے کے منقولہ ، 62.55 کروڑ روپے کی غیر منقولہ اثاثہ جات اور 6.80 کروڑ روپے کی ڈیولپڈ ریل اسٹیٹ کی مالک ہیں۔ ان کے منقولہ اثاثوں میں 127 کروڑ روپے کے خود حاصل کردہ اثاثے اور 19.93 کروڑ روپے کے وراثت میں ملے اثاثے شامل ہیں۔ ان کے پاس36.39 کروڑ روپے کی تجارتی عمارتوں اور 16.09 کروڑ روپے کی رہائشی بلڈنگ کے بھی مالک ہیں۔ کسوما پر 2.21 کروڑ روپے کا بینک قرض ہے ۔
اس کے علاوہ، ان کے پاس 2.29 کروڑ روپے کے 4,200 گرام سونے کے زیورات، 15.08 لاکھ روپے کے 71 قیراط کے ہیرے اور 21.50 لاکھ روپے کی 25.6 کلو چاندی ہے ۔ تاہم ان کے پاس صرف 1.90 لاکھ روپے نقد ہیں۔