کانگریس اور بی جے پی میں بلدی انتخابات کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں

   

اتم کمار ریڈی نے شکست کو قبول کرلیا
ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کا کارکنوں سے خطاب
حیدرآباد۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) وزیر تعلیم جگدیش ریڈی نے کہا کہ حکومت پانی کے ہر قطرے کا موثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے زرعی اراضیات کو سیراب کرے گی ۔ جگدیش ریڈی بلدی انتخابات کے سلسلہ میں نلگنڈے کے پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پینے کے پانی اور زرعی شعبہ کو سیراب کرنے میں سنجیدہ ہے۔ ٹی آر ایس حکومت نے زرعی شعبے کی خوش حالی کے اقدامات کئے گئے لیکن کانگریس پارٹی الزام تراشی کے ذریعہ سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے زرعی شعبے کو پانی سربراہ کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ الیکشن کمیشن اور پولیس عہدیداروں کے خلاف ان کے بیانات سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہوں نے انتخابات سے قبل شکست کو تسلیم کرلیا ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی نے انتخابات کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی باہمی گروہ بندیوں کا شکار ہے اور ہر امیدوار کی تائید اور مخالفت میں قائدین میدان میں اترآتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج سے قبل بی جے پی کے ریاستی صدر لکشمن نے ریاست میں بی جے پی کی کامیابی اور ان کے چیف منسٹر بننے کا دعوی کیا تھا لیکن نلگنڈہ میں بی جے پی امیدوار کو 200 ووٹ بھی حاصل نہیں ہوئے۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ امیدواروں کی کامیابی کے لیے متحدہ مساعی کریں۔ پارٹی قاہے کسی کو ٹکٹ دے ہمیں مل کر کامیاب بنانا ہوگا۔ ضلع پرشید کے صدرنشین بی نریندر ریڈی نے کہا کہ نلگنڈہ ضلع میں ٹی آر ایس مستحکم موقف رکھتی ہے۔ کانگریس اور بی جے پی کے پاس مقابلے کے لیے امیدوار موجود نہیں ہے۔ پارلیمانی حلقہ کے انچارج رویندر رائو نے کہا کہ کامیابی کے اہل امیدواروں کو ٹکٹ دیا جائے۔ رکن راجیہ سبھا بی لنگیا یادو نے کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نلگنڈہ میں ٹی آر ایس کی کامیابی کے ذریعہ شکست دی جاسکتی ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے بھونگیر اور نلگنڈہ میں عوامی مسائل کی یکسوئی کی ہے اور علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔