کانگریس برسر اقتدار آتے ہی پرانے شہر میں میٹرو ٹرین پراجکٹ پر عمل آوری

   

پانچ ہزار کروڑ کا ترقیاتی منصوبہ، اولڈ سٹی ڈکلیریشن کے نکات کی اجرائی
حیدرآباد ۔7۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی برسر اقتدار آنے پر پرانے شہر کی ترقی کیلئے کئی پراجکٹس کا وعدہ کیا گیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر سمیر ولی اللہ نے کہا کہ پرانے شہر سے متعلق اولڈ سٹی ڈکلیریشن تیار کیا گیا ہے جسے جلد جاری کیا جائے گا ۔ پرانے شہر کی ترقی کیلئے 5000 کروڑ کے خصوصی پراجکٹس کے علاوہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے احیاء کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پرانے شہر کے نوجوانوں کو روزگار سے مربوط ٹکنیکل کورسس میں ٹریننگ فراہم کرنے کیلئے سٹ ون کو مستحکم کیا جائے گا ۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد اندرون ایک سال پرانے شہر میں میٹرو ٹرین کے کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ پرانے شہرکے علاقوں میں نئی صنعتوں کے قیام کے ذریعہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے ۔ پرانے شہر میں پاسپورٹ آفس قائم کیا جائے گا اور دیگر ضروری سرکاری دفاتر کے قیام کی مساعی کی جائے گی۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان نے پرانے شہر میں معیاری انٹرنیشنل اسکول کے قیام سے اتفاق کرلیا ہے۔ حیدرآباد میں عالمی معیار کی تعلیمی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ عثمانیہ ہاسپٹل اور دیگر سرکاری دواخانوں میں طبی خدمات کو بہتر بنایا جائے گا ۔ اولڈ سٹی ڈکلیریشن سماج کے مختلف طبقات سے مشاورت کے ذریعہ تیار کیا گیا ہے۔