کانگریس حکمت عملی ساز سنیل کو سائبر کرائم پولیس میں پیش ہونے کی ہدایت

   

نوٹس پر حکم التواء سے انکار، سنیل 8 جنوری کو پیش ہوں گے تاہم گرفتاری پر ہائیکورٹ کی روک
حیدرآباد۔/4 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کانگریس کے حکمت ساز کے سنیل کی دائر درخواست کو نامنظور کرکے انہیں سائبر کرائم پولیس کے تحقیقاتی افسر کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی۔ عدالت نے سائبر کرائم پولیس کی جاری کردہ نوٹس پر حکم التواء سے انکار کرکے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ سنیل کو گرفتار نہ کرے ۔ سائبر کرائم پولیس نے 8 جنوری کو تحقیقاتی افسر کے روبرو پیش ہونے کے سنیل کو سمن جاری کیا۔ ہائی کورٹ نے اس معاملہ میں سنیل کو عدم گرفتاری کی راحت دی ہے تاہم انہیں تحقیقاتی افسر کے روبرو پیش ہونا ہوگا۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اور بی آر ایس کے خلاف قابل اعتراض پوسٹس سوشیل میڈیا میں وائرل کرنے کے الزام کے تحت سائبر کرائم پولیس نے سنیل کو سیکشن 41(A) کے تحت نوٹس جاری کی اور 30 ڈسمبر کو پیش ہوکر اپنے موقف کی وضاحت کی ہدایت دی تھی۔ سنیل نے نوٹس کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ نوٹس پر حکم التواء سے انکار کرکے عدالت نے سائبر کرائم پولیس کی نوٹس کو برقرار رکھتے ہوئے سنیل کو تحقیقات کیلئے پیش ہونے ہدایت دی ۔ عدالت نے کہا کہ جس طرح اس معاملہ کے دیگر 3 مجرمین کو تحقیقاتی افسر کے روبرو پیش ہونے پر گرفتار نہ کرنے کی ہدایت دی گئی اسی طرح سنیل کو بھی گرفتار نہ کرنے کی عدالت نے ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ پولیس نے کانگریس کے وارروم پر دھاوا کرتے ہوئے تین کارکنوں کو حراست میں لے لیا تھا۔ سنیل سائبر کرائم تحقیقات سے بچنے کی کوشش کررہے تھے تاہم عدالت کے احکامات کے مطابق انہیں پیش ہونا پڑے گا۔ ر

ہائی کورٹ کے احکامات میں کہا گیا ہے کہ 8 جنوری کو سنیل سائبر کرائم کی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے علاوہ رکن کونسل کویتا اور ریاستی وزیر کے ٹی آر کے خلاف سوشیل میڈیا میں پوسٹس پر سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کی گئی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے سنیل کو A1 کے طور پر ماخوذ کیا ہے۔ عدالت کے فیصلہ کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد گرفتاری کے سلسلہ میں دوبارہ عدالت سے رجوع ہوں گے۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے 2023 اسمبلی انتخابات کیلئے سنیل کو حکمت عملی تیار کرنے کی ذمہ داری دی ہے۔ آر سمراٹ نامی شخص کی شکایت پر سائبر کرائم پولیس نے 24 نومبر کو آئی پی سی کی دفعات 505(2) اور 469 کے تحت مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے دھاوے کے دوران وارروم سے لیاپ ٹاپ اور دیگر آلات کو ضبط کرلیا جس پر کانگریس نے شدید اعتراض جتایا ہے۔ 13 ڈسمبر کو سنیل کے دفتر مائنڈ شیئر یونائٹیڈ فاؤنڈیشن پر دھاوا کرکے 3 کارکنوں سری پرتاپ، سیشانت اور تریشانک شرما کو حراست میں لیا تھا۔ر