کانگریس حکومت ایک ماہ میں عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی

   

کے سی آر اقتدار سے زیادہ اپوزیشن میں خطرناک ثابت ہوتے ہیں : کے ٹی آر
حیدرآباد : /9 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ ایک ماہ میں کانگریس حکومت کے خلاف لہر شروع ہوگئی ہے ۔ اقتدار سے زیادہ پارٹی کے سربراہ کے سی آر اپوزیشن میں خطرناک ہوتے ہیں ۔ تلنگانہ بھون میں منعقدہ حلقہ لوک سبھا کھمم کے پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کھمم جیسے ایک دو اضلاع چھوڑکر ریاست کے عوام نے بی آر ایس کو پوری طرح مسترد نہیں کیا ہے ۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج اس کا ثبوت ہیں ۔ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کے 39 ارکان اسمبلی کامیاب ہوئے ہیں ۔ مزید 11 اسمبلی حلقوں میں بی آر ایس کے امیدواروںکو معمولی اکثریت سے شکست ہوئی ہے ۔ چند حلقوں میں مختلف وجوہات کی و جہ سے نقصان پہنچا ہے ۔ انہیں وجوہات کا پتہ لگانے اور مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کیلئے تلنگانہ بھون میں بی آر ایس قائدین کا روزانہ اجلاس طلب کرتے ہوئے تازہ صورتحال اور پارٹی کے موقف کاجائزہ لیا جارہا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں کانگریس حکومت کا ایک ماہی دور اقتدار مکمل ہوگیا ہے ۔ حکومت تشکیل دیتے ہی وعدوں پر عمل کرنے کا اعلان کرنے والی کانگریس پارٹی اب صرف وقت ضائع کررہی ہے ۔ جس سے حکومت کے خلاف ایک ماہ میں ہی مخالف لہر شروع ہوگئی ہے ۔ عوامی اعتماد صرف چند دنوں میں کھودینا کانگریس حکومت کی روایت رہی ہے ۔ 1989 ء کے اسمبلی انتخابات میں عوام نے این ٹی آر قیادت والی تلگودیشم پارٹی کو مسترد کردیا تھا اور کانگریس کو کامیاب بنایا تھا ۔ اس کے دیڑھ سال بعد کانگریس پارٹی عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی ۔ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو شکست ہوگئی اور تلگودیشم پارٹی نے شاندار مظاہرہ کیا تھا ۔ مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں عوام کانگریس کو سبق سکھائیں گے اور بی آر ایس پارٹی شاندار مظاہرہ کرے گی ۔ عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کیلئے بی آر ایس پارٹی حکومت پر دباؤ بنائیں گی ۔ بی آر ایس کے تمام قائدین اپنی صفحوں میں اتحاد کا مظاہرہ کریں ۔ 2