کانگریس حکومت کو چھونے والے جل کر خاک ہوجائیں گے : ریونت ریڈی

,

   

کے سی آر کا تماشہ مزید نہیں چلے گا ،نریندر مودی کے بھی بس کی بات نہیں ، جلسہ عام سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر کو اپنے ہی انداز میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں خبردار کیا کہ اگر وہ کانگریس حکومت کو ٹچ بھی کرتے ہیں تو ان کا انجام برا ہوگا ۔ حلقہ لوک سبھا میدک کے کانگریس امیدوار نیلم مدھو کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ 10 سال تک چیف منسٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے اور عوامی حکومت قائم رہے گی ۔ حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ ہائی ٹنشن وائر میں میں تبدیل ہونے کا ادعا کیا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر اقتدار سے محروم ہوگئے ۔ کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی ۔ پارٹی کو شکست ہوگئی اپنی غلطیوں کو درست کرنے کی بجائے کانگریس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں جبکہ حقیقت میں بی آر ایس کا کھیل ختم ہوگیا۔ کار شیڈ کو پہونچ گئی وہاں سے وہ سیدھا اسکراپ میں چلے جائے گی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس حکومت پر نظر اٹھا کر بھی دیکھا گیا تو کپڑے نکال کر مارنے کی دھمکی دی ، جیل کا کھانے کھلانے کا انتباہ دیا ۔ نانی ۔ دادی کی یاد دلائی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ جئے پال ریڈی یا جانا ریڈی نہیں ہیں ان کا نام ریونت ریڈی ہے اور وہ اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یہ عوام کی منتخب حکومت ہے ۔ وعدے کے مطابق 100 دن میں 5 گیارنٹی پر عمل کیا گیا ہے ۔ ان وعدوں کو پورا کرنے سے کے سی آر کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں ۔ حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنا کے سی آر تو دور مودی کے بس کی بات بھی نہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ ایک اور وعدہ کررہے ہیں ۔ 15 اگست سے قبل کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرض بھی معاف کردیں گے ۔ پانچ ضمانتوں کی تکمیل پر عوام پوری طرح مطمئن ہیں ۔ عوام کے چہروں پر پائی جانے والی خوشی کے سی آر اور مودی کو برداشت نہیں ہورہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جب کانگریس پارٹی مصیبت میں تھی اس وقت حلقہ لوک سبھا میدک کے عوام نے 1980 میں اندرا گاندھی کو کامیاب بنایا ۔ وزیراعظم منتخب ہونے والی اندرا گاندھی نے حلقہ لوک سبھا میدک کی ترقی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے ۔ بی ایچ ای ایل ، بی ڈی ایل ، آئی ڈی پی ایل ، اکریساٹ جیسے کئی صنعتوں کا قیام عمل میں لاتے ہوئے ملازمتوں کے مواقع فراہم کئے ۔ 10 سال تک چیف منسٹر رہنے والے کے سی آر 10 سال تک وزیراعظم رہنے والے مودی نے اس حلقہ کی ترقی کے لیے کوئی کام نہیں کیا ۔ دونوں جماعتوں کے قائدین بے شرمی کی حد کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرنے کے لیے عوام کے درمیان پہونچ رہے ہیں ۔ بی آر ایس اور بی جے پی دونوں جماعتوں کو شکست دیتے ہوئے کانگریس کے امیدوار نیلم مدھو کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ۔ بی جے پی کے امیدوار رگھونندن راؤ نے حلقہ اسمبلی دوباک کے ضمنی انتخاب میں کامیاب بنانے پر مودی سے لڑجھگڑ کر فنڈز لانے کا وعدہ کیا تھا ۔ عوام نے ان پر بھروسہ کیا مگر وہ اپنے وعدے کو نبھانے میں ناکام ہوگئے ۔ ایسے قائد کو دوبارہ ووٹ نہ دینے کی عوام سے اپیل کی ۔۔ 2