کانگریس حکومت کے ایک اور وعدے کی تکمیل ،نئے آسرا پینشن کی عنقریب اجرائی

   

حکومت نے اہل افراد کی فہرست تیار کرنے کی ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی
حیدرآباد۔ 23 اپریل (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے نئے آسرا پینشن منظور کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ اہل افراد کی فہرست روانہ کرنے پر ضلع کلکٹرس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد نئے پینشن کی منظوری کیلئے درخواستیں قبول کی گئی ہیں۔ ریاست بھر میں تقریباً 5.20 لاکھ درخواستیں زیرالتواء ہیں۔ پینشن حاصل کرنے والے کی موت ہوجانے پر اس کی بیوہ سے پینشن کیلئے آن لائن درخواستیں وصول کی جارہی ہیں، مگر اُنہیں منظوری نہیں دی جارہی ہے۔ حال ہی میں اس تعلق سے ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا، زیرالتواء درخواستوں کو منظوری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کلکٹرس کو حکم دیا گیا ہے کہ گرام پنچایت سیکریٹریز کو دیہی اور شہری علاقوں میں وصول ہونے والی درخواستوں کا کلکٹر کے ذریعہ جائزہ لیا جائے۔ اولڈ پینشن حاصل کرنے والوں کی موت ہوجاتی ہے تو ان کی جگہ پر ان کے بیواؤں کے ناموں کو شامل کرنے کیلئے فہرست تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پینشنرس کا آئی ڈی، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، بیوہ کا آدھار کارڈ اور بینک اکاؤنٹ حاصل کیا جائے۔ مسلسل تین ماہ تک پینشن حاصل نہ کرنے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی پینشن کو منسوخ کردیا جائے۔ اگر ان کی بیویاں پینشن کی اہل ہوں تو ان کے ناموں کی فہرست تیار کی جائے۔ فی الحال ریاست میں آسرا پینشن کے تحت 42.96 لاکھ عمر رسیدہ معذورین، تنہا خواتین، بافندے، بیڑی ورکرس ، فلیریا ، ایچ آئی وی، گردے کے متاثرین کو ماہانہ 2,016 روپئے اور معذورین کو 4,016 روپئے پینشن حاصل ہورہا ہے۔2