کانگریس حکومت کے خلاف کونسا کمیشن قائم کیا جائے

   

بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کا سوال
حیدرآباد۔/3نومبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے حکومت سے سوال کیا کہ کالیشورم پراجکٹ پر کمیشن قائم کیا گیا لیکن حکومت کے خلاف کونسا کمیشن قائم کیا جائے۔ کے ٹی آر نے سیتا رام لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے کاموں کی منظوری کے بغیر ہی ٹنڈر طلب کرنے کا حکومت پر الزام عائد کیا۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر میڈیا میں شائع شدہ ایک خبر کا کے ٹی آر نے حوالہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے سیتا رام لفٹ اریگیشن پراجکٹ کی منظوری کے بغیر ہی ٹنڈرس طلب کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ ایکر اراضی کو سیراب کرنے کیلئے تعمیر کئے گئے کالیشورم پر کانگریس حکومت نے کمیشن قائم کیا اب آپ کے خلاف کونسا کمیشن قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منظوری کے بغیر ٹنڈرس کی طلبی بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے مچھیروں کی زندگی کو اجیرن کردیا ہے۔ ریاستی حکومت مچھیروں کے تحفظ کے اقدامات میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 20 ہزار ٹن مچھلیوں کی افزائش ہوتی ہے اور حکومت مچھیروں کے اس پیشہ کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی موجودہ حکومت نے مچھیروں کیلئے بی آر ایس حکومت کی اسکیمات کو ختم کردیا ہے۔ کے ٹی آر نے ریمارک کیا کہ موسیٰ ندی کے ڈرینج واٹر پر ایک لاکھ کروڑ خرچ کرنے کیلئے تیار ہے لیکن سنٹر واٹر کمیشن کی منظوری کے بغیر ہی سیتا رام لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے ٹنڈر طلب کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کا اندیشہ ہے۔1