کانگریس سے رابطہ کے بعد راملو کا لمحہ آخر میں فیصلہ تبدیل

   

عنقریب بی جے پی میں شمولیت ، فرزند بھرت کا حلقہ لوک سبھا ناگرکرنول سے مقابلہ
بی آر ایس پھر ایک بار خالی ہور ہی ہے

حیدرآباد : /27 فبروری (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات سے قبل بی آر ایس پھر ایک بار خالی ہورہی ہے ۔ کانگریس میں شامل ہونے کی کوشش کرنے والے حلقہ لوک سبھا ناگر کرنول کے بی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ پی راملو نے لمحہ آخر میں اپنا ارادہ تبدیل کرلیا ہے ۔ اور بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ خود مقابلہ کرنے کے بجائے اپنے فرزند بھرت کیلئے ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ آئندہ ایک دو دن میں وہ بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے ۔ اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد بی آر ایس کے قائدین اپنے روشن مستقبل کیلئے کانگریس کو محفوظ ٹھکانہ تصور کررہے ہیں یا بی جے پی میں شمولیت پر توجہ دے رہے ہیں ۔ چند دن قبل پداپلی کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ وینکٹیش نیتا نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے بی آر ایس قیادت کو جھٹکا دیا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بی آر ایس کے چند دوسرے ارکان پارلیمنٹ بھی بی آر ایس قیادت سے ناراض ہیں ۔ اُن میں حلقہ لوک سبھا ناگر کرنول کے رکن پارلیمنٹ پی راملو بھی شامل ہیں ۔ وہ کئی دنوں سے کانگریس سے رابطہ میں تھے ۔ ٹکٹ دینے کا وعدہ کرنے پر کانگریس میں شامل ہونے کیلئے تیار تھے ۔ کانگریس قائدین ان سے تبادلہ خیال بھی کررہے تھے لیکن تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر نائب صدر ملو روی بھی حلقہ لوک سبھا ناگرکرنول سے مقابلہ کرنے کے خواہشمند ہیں ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ملو روی کو دہلی میں تلنگانہ کا خصوصی نمائندہ نامزد کرتے ہوئے انہیں لوک سبھا انتخابات سے دور کرنے اور پی راملو کیلئے راہ ہموار کرنے کی کوشش کی تھی تاہم ملو روی دہلی میں اپنی نئی ذمہ داری قبول کرنے کے چند دن بعد ہی اس عہدے سے مستعفی ہوگئے اور لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کیلئے دہلی سے حیدرآباد پہنچ گئے ۔ ٹکٹ ملنے کے آثار ختم ہوجانے کے بعد بی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ پی راملو بی جے پی سے رابطہ میں آگئے اور خود مقابلہ کرنے کے بجائے اپنے فرزند بھرت کو ٹکٹ دینے کیلئے بی جے پی قیادت پر دباؤ بنایا ۔ بی جے پی قیادت سے گرین سگنل ملنے کے بعد انہوں نے بی آر ایس سے مستعفی ہونے اور بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ وہ ایک دو دن میں اپنے فرزند کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے ۔ 2