کانگریس قائدین کل کاغذ نگر میں آبپاشی پراجکٹ کا دورہ کریں گے

   

حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی قائدین نے 26 اگسٹ کو کاغذ نگر میں تمڈی ہٹی پراجکٹ کے دورہ کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، سابق وزراء اور اہم قائدین بذریعہ ٹرین کاغذ نگر روانہ ہوں گے۔ پرانہیتا پر تعمیر کئے جانے والے تمڈی ہٹی کے کاموں کا جائزہ لیا جائے گا۔ کانگریس دور حکومت میں 38 ہزار کروڑ سے 16.5 لاکھ ایکر اراضی کو پانی سیراب کرنے کیلئے پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کی تعمیر کا آغاز ہوا تھا۔ بعد میں ٹی آر ایس حکومت نے پراجکٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی کرتے ہوئے تمڈی ہٹی پراجکٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے میڈی گڈہ کے قریب بیاریج تعمیر کرتے ہوئے کالیشورم پراجکٹ کا منصوبہ بنایا ہے۔ اگر تمڈی ہٹی کے پاس پراجکٹ تعمیر کیا جاتا تو نشیبی علاقے آبپاشی اراضی کو نہ صرف پانی سیراب کیا جاسکتا تھا بلکہ پراجکٹ ابھی تک مکمل ہوجاتا۔ کانگریس نے مرکز سے قومی پراجکٹ کا درجہ حاصل کرتے ہوئے سرکاری خزانہ پر ایک روپیہ بوجھ عائد کئے بغیر پراجکٹ کی تکمیل کی منصوبہ بندی کی تھی۔صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، رکن کونسل جیون ریڈی کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی، کانگریس ورکنگ کمیٹی صدور نشین، سابق وزراء، کریم نگر ، عادل آباد میں مقابلہ کرنے والے کانگریس کے امیدوار اور اہم قائدین تمڈی ہٹی کا دورہ کریں گے۔ کاغذ نگر تک بذریعہ ٹرین سفر کے بعد وہاں سے سڑک کے راستہ پراجکٹ تک پہنچیں گے۔