کانگریس کا آج اہم اجلاس، کے سی وینوگوپال کی حیدرآباد آمد

,

   

تلنگانہ میں 14 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی کیلئے کانگریس پارٹی کی خصوصی توجہ
حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی ہائی کمان لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ جنوبی ہند میں تلنگانہ سے زیادہ سے زیادہ حلقوں پر کامیابی حاصل کرنے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کررہی ہے۔ اس کا جائزہ لینے کیلئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اتوار کو تلنگانہ کے ایک روزہ دورہ پر حیدرآباد پہنچ رہے ہیں جہاں پر انہوں نے نوویٹل ہوٹل میں کانگریس پارٹی کے قائدین کا ایک اجلاس طلب کیا ہے جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بٹی وکرامارک، تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج دیپا داس منشی کے علاوہ ریاستی وزراء ، کانگریس ارکان اسمبلی اور اہم قائدین اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ کانگریس ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کے سی وینوگوپال کانگریس کے قائدین کے اجلاس میں ریاست کے 17 لوک سبھا حلقوں کے حدود میں شامل 119 اسمبلی حلقوں میں پارٹی کے استحکام، حکومت کی کارکردگی، قائدین کے درمیان اتحاد اور تال میل و دیگر امور پر غور کریں گے۔ کانگریس کے انتخابی حکمت عملی ساز سنیل کنوگلو نے تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال پر کانگریس ہائی کمان کو رپورٹ پیش کی ہے۔ اس رپورٹ کی اساس پر کے سی وینوگوپال کانگریس قائدین کو انتخابی حکمت عملی طئے کرنے کے معاملہ میں خصوصی مشورے دیں گے۔ کانگریس ہائی کمان نے 17 کے منجملہ 14 لوک سبھا حلقوں کے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے جہاں پر کانگریس امیدوار اپنی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرچکے ہیں اور پارٹی قائدین عوام سے رجوع ہوکر حکومت کی جانب سے 5 ضمانتوں پر عمل آوری کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کررہے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس کو تلنگانہ سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں اس لئے وہ خصوصی حکمت عملی کے ساتھ عوام کے درمیان پہنچ رہی ہے تاکہ بی جے پی اور بی آر ایس کو شکست دیتے ہوئے تلنگانہ میں زیادہ سے زیادہ حلقوں پر کامیابی حاصل کی جاسکے۔ سنیل کنوگلو کی رپورٹ میں کئی اہم نکات پیش کئے گئے ہیں جس میں 8 تا 10 ایسے حلقے ہیں جہاں پر کانگریس کی کامیابی آسان ہے لیکن ان حلقوں میں بہت بھاری اکثریت حاصل کرنے پارٹی قائدین کو متحرک کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور ساتھ ہی 6 تا 8 حلقے ایسے ہیں جہاں پر کانگریس کو زیادہ سے زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ان حلقوں پر خصوصی توجہ دی گئی تو کانگریس کیلئے بہتر نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ اجلاس میں راہول گاندھی، پرینکا گاندھی اور ملکارجن کھرگے کے انتخابی مہم چلانے کو بھی قطعیت دی جائے گی۔ کانگریس کے بیشتر امیدوار اپنے اپنے حلقوں میں راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کو مدعو کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔صورتحال کے مطابق ان کے دوروں کے شیڈوک کو قطعیت دی جائے گی ۔2