وعدہ کے مطابق راشن کارڈس کی فراہمی اور باریک چاول کی سربراہی
حیدرآباد ۔ 14۔ جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت عوام کیلئے زحمت تھا ، کانگریس کا دور حکومت عوام کیلئے رحمت ثابت ہورہا ہے۔ وعدہ کے مطابق کانگریس حکومت غریب اور مستحق عوام میں راشن کارڈس اور راشن شاپ سے باریک چاول تقسیم کر رہی ہے۔ آج ضلع سوریا پیٹ کے تنگا ترتی میں راشن کارڈس کی تقسیم کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں راشن شاپ سے تقسیم کئے جانے والا موٹا چاول 80 فیصد ناکارہ ہوا کرتا تھا۔ موٹا چاول مرغیوں کے پولٹری فارم اور بیر کمپنیوں کو منتقل کیا جاتا تھا۔ کانگریس حکومت نے ریاست میں باریک چاول کی تقسیم کا آغاز کیا ہے جو کانگریس کے سنہرے دور کی علامت ہے۔ کانگریس پارٹی غریب عوام کی فلاح و بہبود کے معاملہ میں عہد کی پابند ہے۔ کانگریس پارٹی کے منشور میں جو بھی وعدے کئے گئے ہیں، ان وعدوں کو پورا کرنے کیلئے بڑے پیمانہ پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام کے لئے آج کا دن کسی عید و تہوار سے الگ نہیں ہے۔ وعدہ کے مطابق اگادی سے موٹے چاول کی جگہ ریاست کے عوام کو باریک چاول تقسیم کیا جارہا ہے ۔ سابق بی آر ایس حکومت موٹا چاول بھی غیر معیاری تقسیم کیا کرتی تھی جو عوام کے استعمال کے قابل نہیں تھا اور راشن شاپ سے چاول کو غیر طور پر منتقل کیا جاتا تھا۔ کانگریس حکومت کے قیام کے بعد بڑے پیمانہ پر اصلاحات لائے گئے۔ باریک چاول تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ معیاری چاول بھی تقسیم کیا جارہا ہے تاکہ روزانہ غریب عوام کے استعمال میں آسکے اور غیر قانونی چاول کی روک تھام بھی کی گئی ہے ۔ راشن شاپ سے باریک چاول تقسیم کرنے کی وجہ سے عوام کی طویل قطاریں دیکھی گئی ہیں۔ کانگریس پارٹی نے نئے راشن کارڈ تقسیم کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر آج سے عمل آوری کا آغاز ہوگیا۔ کانگریس حکومت 10 لاکھ عوام کو باریک چاول سربراہ کر رہی ہے ۔ بی آر ایس کے دور حکومت تعمیر کردہ کالیشورم پراجکٹ بے فیض ثابت ہورہا ہے ۔ میڈی گڈا ، سنیدیلڑا ، انارم ، بیاریجس ناکارہ ثابت ہورہے ہیں۔2