کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کی صورت میں پنشن 200 روپئے : کے ٹی آر

   

صرف 3 گھنٹے برقی سربراہی ، دلالوں کا راج ، فلاحی اسکیمات ختم ہونے کا ادعا
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ اگر ریاست میں غلطی سے بھی کانگریس پارٹی برسر اقتدار آتی ہے تو پنشن گھٹ کر 200 روپئے ہوجائے گا اور صرف 3 گھنٹے برقی سربراہ ہوگی ۔ متحدہ ضلع محبوب نگر میں مختلف ترقیاتی و تعمیری کاموں میں حصہ لینے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں صرف 200 روپئے پنشن دیا جاتا تھا وہ بھی مناسب وقت پر ضرورت مند غریب عوام تک نہیں پہونچتا تھا صرف اسمبلی حلقہ جڑچرلہ میں 32,477 افراد کو بی آر ایس کے دور حکومت میں 2 ہزار ، 3 ہزار روپئے آسرا پنشن دیا جارہا ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں پنشن پر سالانہ 800 کروڑ روپئے خرچ کئے جاتے تھے ۔ تلنگانہ حکومت 46 لاکھ افراد کو پنشن فراہم کرنے کے لیے سالانہ 12 ہزار کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں تمام شعبے پسماندگی کا شکار تھے ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں تمام شعبے مساوی ترقی کرتے ہوئے ملک کے لیے مثالی بن گئے ہیں ۔ کانگریس کے قائدین آنکھ رکھ کر بھی نابینا ہے ۔ انہیں تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی نظر نہیں آرہی ہے ۔ وہ عوام کو گمراہ کرتے ہوئے دھوکہ دے رہے ہیں ۔ جڑچرلہ کو گریڈ ون میونسپلٹی میں تبدیل کرنے کے بہت جلد احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ مقامی رکن اسمبلی کی خواہش کے مطابق حلقہ کو ترقی دینے کے لیے 30 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں علاقہ تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس ، زرعی شعبہ اور تالابوں کو یکسر نظر انداز کردیا گیا تھا ۔ برقی کی عدم سربراہی پر کسانوں کو بارش کا انتظار کرنا پڑتا تھا ۔ کانگریس کے دور حکومت میں کسانوں کی کوئی مالی امداد نہیں کی گئی جب کہ بی آر ایس حکومت کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کررہی ہے ۔ 5 لاکھ روپئے کا انشورنس فراہم کررہی ہے ۔ ریتو بندھو اسکیم کے تحت فی ایکر 10 ہزار روپئے فراہم کررہی ہے ۔ قبائیلوں کے تحفظات کو 6 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کردیا گیا ہے ۔ عوام نے کانگریس کو 50 سال تک حکومت کرنے کا موقعہ فراہم کیا لیکن کانگریس نے ریاست اور ملک کو ترقی دینے کے لیے کوئی کام نہیں کیا ۔ آج پھر ایک مرتبہ موقع فراہم کرنے کا کانگریس قائدین عوام سے بھیک مانگ رہے ہیں ۔ اگر عوام کانگریس پارٹی قائدین پر بھروسہ کرتے ہیں تو دھوکہ کھا جائیں گے ۔ پنشن گھٹ کر 200 روپئے ہوجائے گا ۔ 24 گھنٹے جو برقی سربراہ ہورہی ہے وہ گھٹ کر 3 گھنٹے ہوجائے گی ۔ 14 دن میں ایک مرتبہ پینے کا پانی سربراہ ہوگا ۔ برقی ٹرانسفارمرس جل کر خاک ہوجائیں گے ۔ جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہوگا ۔ ایک وہ بھی زمانہ تھا جب محبوب نگر کو میگریشن ضلع قراردیا جاتا تھا اب اریگیشن ضلع میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ 9 سال میں ریاست تلنگانہ فرش سے عرش تک پہونچ گیا ہے ۔ 60 سال میں جو ترقی نہیں ہوئی وہ ترقی 9 سال میں ہوئی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی کارکردگی سے سماج کے تمام طبقات مطمئن ہیں ۔۔ ن