کانگریس کو اقتدار پرکسانوں کا قرض معافی کی گارنٹی

   

زرعی آلات جی ایس ٹی سے آزاد ہوں گے، ایم ایس پی کی قانونی گارنٹی ہوگی:پرینکا گاندھی
نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کسانوں کے معاملہ میں بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے بتایا کہ اگر کانگریس کی حکومت برسراقتدار آتی ہے تو کسانوں کو کیا سہولیات فراہم ہوں گی۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت میں ایک لاکھ سے زیادہ کسانوں نے خودکشی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت بننے پر ایم ایس پی کی گارنٹی بھی دی جائے گی اور کسانوں کا قرض بھی معاف ہوگا۔پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’آج ملک میں ہر دن 30 کسان خودکشی کر رہے ہیں۔ بی جے پی کی حکومت کے دوران ایک لاکھ سے زیادہ کسان خودکشی کر چکے ہیں۔ زراعت میں استعمال ہونے والی ضروری چیزوں اور آلات پر جی ایس ٹی وصول کیا جا رہا ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’10 سال میں نہ کسانوں ایم ایس پی ملا، نہ آمدنی دوگنی ہوئی۔ قرض کے تلے دبے کسانوں کا ایک پیسہ معاف نہیں کیا گیا لیکن چند صنعت کاروں کے 16 لاکھ کروڑ روپے معاف کر دئے گئے!‘‘پرینکا گاندھی نے ملک کے کسانوں نے وعدہ کرتے ہوئے کہا، ’’کانگریس حکومت میں کسانوں کا قرض معاف ہوگا۔ زرعی آلات جی ایس ٹی سے پاک ہوں گے۔ ایم ایس پی کی قانونی گارنٹی ہوگی۔ فصلوں کے نقصان پر 30 دن میں معاوضہ حاصل ہوگا۔

اتراکھنڈ ‘ آج یوگی اور پرینکا گاندھی کے جلسے
نینی تال: اتر پردیش کے چیف منسٹر آدتیہ ناتھ ہفتہ کو ہلدوانی میں خطاب کرینگے ، جب کہ کانگریس کی لیڈر اور اسٹار کمپینر پرینکا گاندھی رام نگر میں تشہیر کریں گی۔بھارتیہ جنتا پارٹی نے انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے اتراکھنڈ میں اپنی طاقت جھونک دی ہے ۔ رودر پور میں وزیر اعظم مودی کی وجے سنکلپ ریلی کے بعد پارٹی نے آدتیہ ناتھ کو میدان میں اتارا ہے ۔ وہ کل ہفتہ کو ہلدوانی آ رہے ہیں۔ وہ ایم بی کالج میں انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے ۔اتر پردیش کے چیف منسٹر آدتیہ ناتھ اپنی کٹر امیج کیلئے جانے جاتے ہیں۔ پارٹی آدتیہ ناتھ کے ذریعے پہاڑیوں اور ترائی دونوں تک پہنچنا چاہتی ہے ۔ پارٹی کی حکمت عملی ہے کہ ریاست کی تمام پانچ سیٹوں پر جیت کے فرق کو بڑھایا جائے ۔ اس لیے اس نے یوگی کے جلسوں میں اضافہ کردیا ہے ۔یوگی ہندو ووٹوں کو یکجا کرنے اور اشتعال انگیز تقاریر کیلئے جانے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی ہاری بازی پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مودی ۔ یوگی کا ریاست میں 2022 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی حکومت کو دوبارہ اقتدار میں لانے میں اہم رول رہا ہے ۔سمجھا جا رہا ہے کہ نصف درجن سیٹوں پر یوگی کا خاصا اثر رہا ہے ۔ کوٹ دوار اسمبلی سیٹ پر انہوں نے اپنے دم پر ہاری بازی کو پلٹا اور اسمبلی اسپیکر ریتو کھنڈوری کو جیت دلائی۔دوسری طرف کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی کل نینی تال ضلع کے رام نگر میں اپنی تشہیر شروع کریں گی۔ اتراکھنڈ میں کانگریس کی یہ پہلی ریلی ہے ۔ کانگریس مودی کے متبادل کے طور پر پرینکا گاندھی کو میدان میں اتار رہی ہے ۔ رام نگر میں مسلم رائے دہندوں کا اچھا اثر ہے اور پارٹی پرینکا کے بہانے انہیں اپنی طرف متوجہ کرنا چاہتی ہے ۔