منوگوڑ میں محمد علی شبیر کی انتخابی مہم، ٹی آر ایس قائدین کی کانگریس میں شمولیت
حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے منوگوڑ کے ضمنی چناؤ کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ چنڈور منڈل کے انچارج سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے آج منڈل کا دورہ کیا اور رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے مقامی قائدین اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کیا۔ چنڈور منڈل میں کانگریس امیدوار پی شراونتی کی تائید میں جلسہ عام منعقد کیاگیا جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے چنڈور منڈل کیلئے انتخابی مہم کی ذمہ داری جن قائدین کو دی گئی وہ دورہ میں شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ منوگوڑ روایتی طور پر کانگریس کا قلعہ ہے اور کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد بی جے پی میں شمولیت عوام سے کھلا دھوکہ ہے۔ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے اپنے شخصی مفادات کی خاطر کانگریس کو دھوکہ دیا ہے جبکہ ان کی سیاسی زندگی کانگریس کے بغیر ادھوری ہے۔ راجگوپال ریڈی جو کچھ بھی ہیں وہ کانگریس کی دین ہے۔ کانگریس نے انہیں رکن پارلیمنٹ، رکن کونسل اور رکن اسمبلی منتخب کیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس میں خفیہ مفاہمت ہے تاکہ کانگریس کو کمزور کیا جائے۔ دونوں پارٹیاں باہمی مفاہمت کے ذریعہ تلنگانہ میں کانگریس کو برسراقتدار آنے سے روکنا چاہتی ہیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ عوام کی بھلائی اور فلاح و بہبود کے بارے میں سنجیدہ رہی ہے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ عنقریب چنڈور منڈل میں گھر گھر انتخابی مہم کا آغاز ہوگا اور سینئر قائدین مہم میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں برسراقتدار آئے گی اور ضمنی چناؤ میں منوگوڑ میں عوام بی جے پی اور ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے۔ دورہ کے موقع پر ٹی آر ایس کے کئی قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ر