کانگریس کو گہلوٹ اور پائلٹ دونوں کی ضرورت :جے رام رمیش

   

کھرگون : کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر جے رام رمیش نے آج کہا کہ پارٹی کو راجستھان میں وزیر اعلی اشوک گہلوٹ اور سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ دونوں کی ضرورت ہے اور تنظیم کو ترجیح دیتے ہوئے راجستھان کے بحران کو حل کیا جائے گا۔رمیش آج مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع کے سنواد میں نامہ نگاروں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ ان دنوں وہ راہل گاندھی کی ‘ بھارت جوڑو یاترا’ کے سلسلے میں مدھیہ پردیش میں ہیں۔اس دوران انہوں نے کہا کہ گہلوت پارٹی کے سینئر اور تجربہ کار لیڈر ہیں، جب کہ مسٹر پائلٹ نوجوان ساتھی، توانا، مقبول اور تعلیم یافتہ ہیں۔ پارٹی کی تنظیم سب سے اہم ہے ۔ تنظیم کو ترجیح دیتے ہوئے راجستھان کے بحران کا حل تلاش کیا جائے گا۔کل سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے گہلوت کے انٹرویو کے تناظر میں مسٹر رمیش نے کہا کہ اس میں کچھ غیر متوقع الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے ۔ لیکن یہ واضح ہے کہ کانگریس ایک خاندان ہے ۔ ہمیں مسٹر گہلوت اور مسٹر پائلٹ دونوں کی ضرورت ہے ۔اس کے ساتھ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی میں خوف کا ماحول نہیں ہے ۔ تاناشاہی نہیں ہوتی، پارٹی میں ہائی کمان ہے ، لیکن وہ تاناشاہی کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرتے ۔