کانگریس کو 2019ء لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل ہوگی

   

پنجاب میں تمام 13 لوک سبھا نشستوں پر پارٹی کامیاب ہوگی : پرینیت کور
گھورکا (جالندھر)۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر اور سینئر کانگریس لیڈر پرینیت کور نے آج کہا کہ 2019ء کے لوک سبھا انتخابات کے بعد کانگریس، مرکز میں حکومت بنائے گی کیونکہ رائے دہندے مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے بیزار ہوگئے ہیں۔ یہاں ایک این جی او کے زیراہتمام منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد کور نے کہا کہ کانگریس، مرکز میں آئندہ حکومت تشکیل دے گی اور پنجاب میں تمام 13 لوک سبھا نشستوں پر اسے کامیابی حاصل ہوگی۔ ایک ریلیز میں یہ بات کہی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا موڈ صاف ظاہر ہے، عوام وزیراعظم نریندر مودی کی عوام دشمن پالیسیوں سے تنگ آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ریاستوں میں ہوئے حالیہ انتخابات میں بی جے پی کو ہونے والی شکست اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام میں برہمی ہے۔ یہ کہتے ہوئے کہ کانگریس نے تین ریاستوں میں بی جے پی سے اقتدار چھینا ہے۔ کور نے کہا کہ یہ نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام زعفرانی پارٹی کو باہر کرن ے کیلئے بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔ پنجاب میں کانگریس کی جانب سے کئے گئے کام پر روشنی ڈالتے ہوئے کور نے کہا کہ رحم مادر میں لڑکیوں کے قتل کے تدارک اور منشیات کی لعنت کو ختم کرنے پر ضروری توجہ دی گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے کے سلسلے میں بھی کاوشیں کی جاری ہیں۔