کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی نے ٹرمپ کی تقریر پھاڑ دی!

,

   

واشنگٹن۔ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام)امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب پر اپنے ردّ عمل کے اظہار میں زیادہ دیر نہیں کی۔ منگل کی شب ٹرمپ کے خطاب کے اختتام کے فورا بعد ہی پلوسی نے اپنے ہاتھ میں موجود امریکی صدر کی تقریر کی نقل پھاڑ دی۔پلوسی نے صحافیوں کو دیے گئے بیان میں اپنے اس ردّ عمل کے حوالے سے کہا کہ دیگر آپشنز کے مقابلے میں یہ ایک مہذب حرکت تھی۔بعد ازاں وائٹ ہاؤس نے پلوسی کی حرکت پر اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر کی گئی ٹویٹ میں الزام عائد کیا کہ پلوسی نے مؤثر انسانی پہلوؤں کی حامل فہرست کو پارہ پارہ کر دیا۔واضح رہے کہ ٹرمپ نے سینیٹ میں اپنے احتساب کے پس منظر میں منگل کی شب کانگریس میں اسٹیٹ آف دی یونین خطاب سے قبل اسپیکر نینسی پلوسی سے مصافحہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ٹرمپ کی تقریر کے دوران پلوسی نے ایک گھنٹہ اور 18 منٹ کا وقت امریکی صدر کی پشت پر بیٹھ کر رنجیدگی اور بے چینی میں گزارا۔ ٹرمپ نے اپنے خطاب کی سرکاری نقل پلوسی کے حوالے کرتے ہوئے دانستہ طور پر ان سے ہاتھ ملانے کو نظر انداز کیا تھا۔ اس سے دونوں شخصیات کے درمیان تناؤ کی گہرائی کا اندازہ ہوتا ہے۔