کانگریس کے انتخابی منشور سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار

   

عوام سے مشاورت کے بعد منشور کی تیاری، رکن راجیہ سبھا راجیو گوڑا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 4۔ اپریل (سیاست نیوز) رکن راجیہ سبھا اور اے آئی سی سی کے ترجمان پروفیسر راجیو گوڑا نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں دانشوروں اور عوام کی رائے حاصل کرتے ہوئے کانگریس نے انتخابی منشور تیار کیا ہے ۔ انہوں نے انتخابی منشور کو آئندہ کانگریس حکومت کا بلو پرنٹ قرار دیا ۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجیو گوڑا نے انتخابی منشور کے اہم نکات بیان کئے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی نے غریبوں اور کسانوں کے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے منفرد اسکیمات تیار کی ہیں۔ اس کے علاوہ بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے جامع حکمت عملی تیار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا انتخابی منشور ملک کی تاریخ کا مثالی منشور ہے جس میں تمام طبقات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ منشور کی اجرائی کے بعد سے بی جے پی اور اس کی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور منشور کے ناقابل عمل ہونے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔ نیائے اسکیم کو غربت کے خاتمہ میں اہم رول ادا کرنے والی قرار دیتے ہوئے پروفیسر راجیو گوڑا نے کہا کہ ہر غریب شخص کو سالانہ 72 ہزار روپئے کی آمدنی ہوگی۔ یہ رقم راست طور پر بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی۔ کانگریس نے زرعی شعبہ اور کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے علحدہ بجٹ کی تجویز رکھی ہے جو ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ مودی کے دور میں ہندوستان روزگار کے بغیر ملک میں تبدیل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے انتخابی منشورمیں روزگار کی فراہمی اور بیروزگاری کے خاتمہ کا وعدہ کیا گیا ہے۔ کانگریس برسر اقتدار آنے پر انڈین ریلوے کو عصری بنایا جائے گا۔ جی ایس ٹی کو عوام کی ضرورتوں کے مطابق تیار کیا جائے گا۔ خواتین پر مظالم کو روکنے کیلئے خصوصی ادارے قائم کئے جائیں گے ۔ صنعتوں کی حوصلہ افزائی کیلئے جی ایس ٹی کو آسان بنانے کے علاوہ مزید رعایتیں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خانگی شعبہ کے دواخانوں میں غریبوں کو معائنے اور ادویات مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عوام کے لئے بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کو بنیادی حق کے طور پر قانون سازی کی جائے گی۔ راجیو گوڑا نے کہا کہ کانگریس کا انتخابی منشور عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے انقلابی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے نریندر مودی حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ راجیو گوڑا نے تلنگانہ میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ کی امید ظاہر کی۔