کانگریس کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں :کمارا سوامی

   

بنگلورو۔9جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں بیشتر بورڈس اور کارپوریشنس کے لئے نامزدگی کے مسئلہ پر جے ڈی ایس اور کانگریس اتحاد میں اختلافات کی میڈیااطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعلی ا یچ ڈی کمارا سوامی نے دعوی کیا کہ بغیر کسی مسئلہ کے حکومت آسانی کے ساتھ جاری ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نامزدگیوں پر بعض تکنیکی مسائل دورنہیں کئے گئے تھے اور بعض پر تقرر روکے گئے تھے ۔اس کا مطلب یہ نہیں کہ حلیف جماعتوں کے درمیان سنگین اختلافات ہیں۔ بعض عہدوں پر نامزدگیوں کو روکنے سے اس مسئلہ پر کانگریس کے لیڈروں میں ناراضگی کی اطلاعات میں کوئی حقیقت نہیں ہے ۔7ماہ پرانی اتحادی حکومت پر بی جے پی لیڈروں سے خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ ماضی میں بی جے پی کے لیڈروں نے حکومت کے بارے میں کئی مہلتیں دی تھیں۔تاہم یہ تمام کھوکھلی ثابت ہوئیں۔ نئی مہلت جو بی جے پی کے لیڈروں کی جانب سے دی گئی ہے وہ بھی ایسی ہی ہوگی۔
اڈوپی ضلع کے 7ماہی گیروں کے لاپتہ ہونے کے مسئلہ پر انہو ں نے کہا کہ ان کی تلاش کا کام کیا جارہا ہے ۔اس مسئلہ پر ان کے ارکان خاندان کو پریشان ہونے کی صرورت نہیں ہے ۔ یہ کہتے ہوئے کہ وزیر سمکیات وینکٹ راو لاپتہ ماہی گیروں کے مسئلہ پر مسلسل نگرانی رکھے ہوئے ہیں’ انہو ں نے کہا کہ حکام ان اطلاعات کی تصدیق کررہے ہیں کہ آیا لاپتہ ماہی گیر دہشت گردوں کا نشانہ تو نہیں بنے ؟