کانگریس کے سینئر لیڈرہرش مہاجن بی جے پی میں شامل

   

نئی دہلی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور ہماچل پردیش یونٹ کے ورکنگ صدر ہرش مہاجن بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوگئے۔وہ یہاں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں مرکزی وزیر پیوش گوئل اور قومی جنرل سکریٹری ونود تاوڑے کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہوئے۔ مہاجن کی بی جے پی میں شمولیت کو ہماچل پردیش میں اس سال کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل ایک بڑا جھٹکا سمجھا جا رہا ہے۔ مہاجن کو اس سال مئی میں پردیش کانگریس کمیٹی کا ورکنگ صدر بنایا گیا تھا۔ اس موقع پر گوئل نے مہاجن کا خیر مقدم کیا اور یقین ظاہرکیا کہ ہماچل پردیش میں دوبارہ بی جے پی کی حکومت بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پہاڑی ریاستوں کے بارے میں یہ تصور تھا کہ جو پارٹی اقتدار میں ہوتی ہے وہ دوبارہ حکومت نہیں بناتی، لیکن حال ہی میں اتراکھنڈ میں بی جے پی نے اس تصورکو توڑ دیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے مہاجن نے کانگریس قیادت پر طنزکیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ویربھدر سنگھ تھے، کانگریس تھی لیکن آج ہماچل پردیش میں کانگریس بے سمت اور لیڈر سے عاری بن چکی ہے۔کانگریس میں نہ تو لیڈر ہے اور نہ ہی ویژن (نظریہ) ہے ۔