کانگریس کے عوامی نمائندے ذات پات کے سروے پر شعور بیدار کریں

   

گجویل اور سوریا پیٹ میں دو بڑے جلسے منعقد کرنے کا اعلان ۔ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے مدعو کئے جائیں گے
سی ایل پی اجلاس ‘ چیف منسٹر کا خطاب

حیدرآباد 6۔فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا پانچ گھنٹے طوہء اجلاس ہوا جس میں مجالس مقامی انتخابات ، ذات پات کا سروے ، ایس سی زمرہ بندی و حکومت کی فلاحی اسکیمات اور دیگر ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر نے ارکان اسمبلی کو مشورہ دیا کہ وہ اپوزیشن کا منہ توڑ جواب دیں۔ ہندوستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تلنگانہ میں ذات پات پر مبنی سروے کیا گیا جو ملک بھر کیلئے رول ماڈل ثابت ہوگا۔ تاہم اپوزیشن سے سروے کے تعلق سے عوام میں گمراہ کن مہم چلائی جارہی ہے۔ کانگریس کے تمام منتخب نمائندے عوام میں سروے سے متعلق شعور بیدار کریں اور حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کیلئے عوام سے مکمل تعاون کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پارٹی کے تمام سینئر اور جونیئر ارکان اسمبلی متحدہ کام کریں اور مجالس مقامی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔ راہول گاندھی نے ذات پات پر مبنی سروے کا تلنگانہ عوام سے وعدہ کیا تھا جس کے پیش نظر یہ سروے کیا گیا۔ بی سی طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے کاماریڈی ڈکلیریشن کیا گیا تھا، اس کے مطابق بی سی سروے کیا گیا۔ تاہم اپوزیشن سے سروے کے خلاف گمراہ کن مہم چلائی جا رہی ہے اور عوام میں شکوک و شبہات پیدا کئے جارہے ہیں جس کے خلاف آواز اٹھانا کانگریس قائدین کی ذمہ داری ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضلع میدک کے گجویل میں اور ضلع نلگنڈہ کے سوریا پیٹ میں کانگریس سے دو بڑے جلسہ منعقد کئے جائیں۔ ایس سی زمرہ بندی کے تعلق سے گجویل میں جلسہ منعقد کیا جائے گا جس میں راہول گاندھی کو مدعو کیا جائیگا اور سوریا پیٹ میں بی سی طبقہ کا جلسہ منعقد کیا جائے گا جس میں کل ہند کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کو مدعو کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس قومی اور جمہوری جماعت ہے جہاں پارٹی قائدین کو آزادانہ طور پر اظہار خیال کی اجازت ہے۔ تاہم قائدین پارٹی اصولوں پر قائم رہیں ۔ اگر انہیں کسی بات پر اعتراض ہے یا کسی سے کوئی اختلاف ہے تو اس کا برسر عام ردعمل کا اظہار نہ کریں بلکہ ان کے علم میں لائیں یا پردیش کانگریس صدر مہیش کمار گوڑ سے ملاقات کریں۔ برسر عام رائے کا اظہار کرنے سے عوام میں غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں۔ حکومت اور پارٹی کے تعلق سے غلط پیغام پہنچتا ہے ۔ پارٹی حدود کو پار کرنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ اظہار خیال کی جو آزادی ہے ، اس کا بیجا استعمال نہ کرنے کی پارٹی قائدین سے اپیل کی۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ مقننہ پارٹی اجلاس میں چند دن قبل منعقدہ 10 ارکان اسمبلی کے اجلاس پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس میں بی آر ایس سے منحرف 10 ارکان اسمبلی کو بھی مدعو کیا گیا لیکن بی سی سروے کی مخالفت کرنے والے کانگریس ایم ایل سی تین مار ملنا اجلاس میں شریک نہیں ہوئے ۔ 2