کانگریس کے منشور میں ہیلت کیر ایکٹ کی شمولیت زیرغور

   

رالپور 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے جمعہ کو کہاکہ ان کی پارٹی اپریل اور مئی میں منعقد شدنی لوک سبھا انتخابات کے لئے اپنے منشور میں ہیلت کیر قانون کے وعدہ کی شمولیت کے امکانات کے بارے میں غور کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر کسی ہندوستانی شہری کی معیاری طبی دیکھ بھال تک رسائی کو یقینی بنانا کانگریس کا دیرینہ عزم ہے۔ کانگریس کے صدر نے کہاکہ صحت کے مصارف میں ان کی پارٹی ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار کے 3 فیصد تک اضافہ اور تربیت یافتہ طبی پیشہ وروں کی تعداد بڑھانے کی خواہشمند ہے۔ راہول گاندھی یہاں ایک غیر سرکاری تنظیم کے زیراہتمام پیشہ طبابت سے وابستہ افراد کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔