آج سے ریونت ریڈی کے دورہ اضلاع کا آغاز، 10 نومبر کو کاماریڈی سے پرچہ نامزدگی
حیدرآباد ۔6۔نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش ریونت ریڈی کل 7 نومبر سے تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ کوڑنگل سے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد ریونت ریڈی نے اضلاع کے دورہ کا منصوبہ بنایا ہے۔ 7 نومبر کو ریونت ریڈی گدوال اور مکتھل میں عام جلسوں سے خطاب کریں گے۔ 8 نومبر کو خانہ پور ، عادل آباد اور ظہیر آباد میں کانگریس امیدواروں کے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے ۔ ریونت ریڈی 9 نومبر کو حیدرآباد کے سٹی کنونشن سنٹر میں مینارٹیز ڈکلیریشن جاری کریں گے اور شام میں سکندرآباد اور صنعت نگر اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ 10 نومبر کو کاما ریڈی اسمبلی حلقہ سے ریونت ریڈی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں۔ دوپہر 12 بجے چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا کے ہمراہ جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور شام میں مقامی اقلیتی نمائندوں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ ریونت ریڈی 11 نومبر کو بیلم پلی ، راما گنڈم اور دھرما پوری میں کانگریس امیدواروں کی ریالیوں سے خطاب کریں گے ۔ ریونت ریڈی کے دورہ اضلاع کیلئے خصوصی ہیلی کاپٹر کرایہ پر حاصل کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کرناٹک کے چیف منسٹر سدا رامیا کے ہاتھوں بی سی ڈکلیریشن جاری کیا جائے گا۔