کانگریس کے چار نئے امیدواروں کی پہلی بار قسمت آزمائی

   

پٹنہ: بہار لوک سبھا انتخابات 2024 میں کانگریس کے ٹکٹ پر پہلی بار چار امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے ۔انڈیا الائنس میں سیٹوں کے تال میل کی وجہ سے اس الیکشن میں کانگریس کو نو سیٹیں کشن گنج، کٹیہار، مغربی چمپارن، سمستی پور (محفوظ)، ساسارام(محفوظ)، پٹنہ صاحب، مظفر پور، بھاگلپور اور مہاراج گنج ملی ہے ۔ ان میں سے چار سیٹوں مغربی چمپارن، سمستی پور (محفوظ)، پٹنہ صاحب اور بھاگلپور پارلیمانی سیٹ سے کانگریس کے امیدوار پہلی بار لوک سبھا کے میدان میں اپنی قسمت آزمائیں گے ۔بیتیہ کے سابق ایم ایل اے مدن موہن تیواری پہلی بار مغربی چمپارن سیٹ سے لوک سبھا الیکشن لڑ رہے ہیں۔ مسٹرتیواری پہلی بار کانگریس کے ٹکٹ پر سال 2015 میں بیتیہ کے ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے ۔ اس الیکشن میں انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رینو دیوی کو شکست دی تھی۔
اس سے پہلے سال 2010 میں انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر بیتیہ سیٹ سے الیکشن لڑا تھا، جہاں انہیں بی جے پی کی رینو دیوی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 2020 کے بیتیہ اسمبلی انتخابات میں مسٹر تیواری کو (بی جے پی) امیدوار رینو دیوی (سابق نائب وزیر اعلی) سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔