کانگریس کے 10 امیدواروں کو قطعیت دینے کی اطلاعات

   

اے آئی سی سی الیکشن کمیٹی کا اجلاس باقی، مدھو یاشکی کی وضاحت
حیدرآباد ۔ 12۔ مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات کیلئے کانگریس پارٹی کی جانب سے 10 امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیئے جانے کی اطلاعات سے پارٹی میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔ ٹکٹ سے محروم قائدین نے اپنی سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے۔ میڈیا کے بعض گوشوں نے آج اے آئی سی سی کے حوالہ سے یہ انکشاف کیا کہ تلنگانہ میں 10 لوک سبھا حلقوں سے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے دی گئی ہے ۔ 10 حلقوں کے امکانی امیدواروں میں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی یا رگھو ویر ریڈی (نلگنڈہ) ، مدھو یاشکی گوڑ (بھونگیر) ، بلیا نائک یا بلرام نائک (محبوب آباد) ، فیروز خاں (حیدرآباد) ، انجن کمار یادو (سکندرآباد ) ، ڈی کے ارونا ، ریونت ریڈی ، انیرودھ ریڈی (محبوب نگر) ، نندی ایلیا ، سمپت کمار یا ملو روی (ناگر کرنول) ، وشویشور ریڈی (چیوڑلہ) ، ایس بابو راؤ یا رمیش راتھوڑ (عادل آباد) ، مدن موہن راؤ (ظہیر آباد) شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ورنگل اور ناگر کرنول نشستوں کو مالا اور مادیگا طبقات کیلئے الاٹ کرنے کی تجویز ہے۔ اسی دوران اے آئی سی سی سکریٹری مدھو یاشکی نے میڈیا کے بعض گوشوں میں پھیلائی جارہی امیدواروں کی فہرست کو گمراہ کن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فہرست کے پس پردہ ٹی آر ایس کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں امیدواروں کے انتخاب کا طریقہ کار مقرر ہے ۔ اے آئی سی سی کی اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا اور توقع ہے کہ کل الیکشن کمیٹی امیدواروں کے ناموں کا جائزہ لے گی۔ الیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد ناموں کو قطعیت دی جائے گی ، لہذا میڈیا میں زیر گشت فہرست پر اعتبار نہیں کیا جانا چاہئے ۔