کانگریس کے 3 لوک سبھا امیدواروں کا عیدالفطر کے بعد اعلان

   

کھمم اور کریم نگر نشستوں کیلئے قائدین میں مسابقت

حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کے 3 لوک سبھا امیدواروں کے انتخاب کیلئے عیدالفطر کے بعد سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنی مصروفیات کے سبب 9 اپریل کو اجلاس میں شرکت سے گریز کیا تھا۔ ہائی کمان نے چیف منسٹر ریونت ریڈی و ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے عیدالفطر کے بعد سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔17 لوک سبھا حلقہ جات میں کانگریس نے 14 کے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ کھمم، کریم نگر اور حیدرآباد کے امیدواروں کا سنٹرل الیکشن کمیٹی فیصلہ کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ تینوں حلقہ جات کی امیدواری کیلئے سینئر قائدین میں مسابقت کو دیکھتے ہوئے ہائی کمان الجھن میں مبتلا ہے۔ کھمم لوک سبھا نشست کیلئے بھٹی وکرامارکا ، پی سرینواس ریڈی اور ٹی ناگیشور راؤ نے اپنے اپنے رشتہ داروں کے نام پیش کئے ہیں۔ کریم نگر سے دو سینئر قائدین کے درمیان مسابقت ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کریم نگر میں 4 اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کے ارکان اسمبلی ہیں لہذا پارٹی کو یقین ہے کہ چار اسمبلی حلقہ جات اور کریم نگر ٹاؤن میں 60 ہزار مسلم رائے دہندوں کی تائید سے کانگریس کو کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تازہ ترین سروے کی بنیاد پر امیدواروں کے انتخاب کا مشورہ دیا ہے۔ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ میں کانگریس پارٹی سخت مقابلہ کے بجائے کسی برائے نام امیدوار کو میدان میں اُتار سکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی جماعت مجلس نے ریاست کے 16 لوک سبھا حلقوں میں اقلیتوں کی تائید کا بھروسہ دلایا ہے۔ حیدرآباد کے ٹکٹ کیلئے سمیر ولی اللہ، شیام راؤ اور علی مسقطی کے نام زیر غور بتائے گئے ہیں تاہم چیف منسٹر ریونت ریڈی امیدوار کے طور پر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر سمیر ولی اللہ کی امیدواری کے حق میں ہیں۔1