واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے کیلیفورنیا میں بڑے پیمانے کی شوٹنگ کے چند دن بعد گن کنٹرول کے اقدامات کی حمایت کا اظہار کیا ہے جن میں 1994 کا حملہ آور (سیمی آٹومیٹک) ہتھیاروں پر پابندی کا وہ اقدام شامل ہے جس کی انہوں نے ایک سینیٹر کے طور پر بھر پور حمایت کی تھی۔پیر کو کیلی فورنیا کے ہاف مون بے کی شوٹنگز کے بعد جس میں کم از کم سات لوگ ہلاک ہوئے، منگل کے روز صدر بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ اب جب ہم شوٹنگ کے ان واقعات کی مزید تفصیلات کاانتظار کر رہے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ امریکہ بھر میں گن وائلنس میں اضافہ سخت تر اقدام کا متقاضی ہے۔ میں کانگریس کے دونوں ایوانوں پر ایک بار پھر زور دیتا ہوں کہ وہ تیزی سے کارروائی کریں اور گنز پر پابندی کے اس بل کو جلد از جلد میری میز پر لائیں اور امریکی کمیونٹیز ، اسکولوں ، کام کی جگہوں اور گھروں کو محفوظ بنائیں۔شوٹنگز کے ان واقعات سے صرف دو روز قبل کیلی فورنیا کے مونیٹری پارک کے ایک ڈانس اسٹوڈیو میں کم از کم 11 لوگ اس وقت ہلاک ہوئے جب شہر کی ایشیائی امیریکن کمیونٹی نئے قمری سال کے موقع پر خوشیاں منارہی تھی۔پیر کے روز ، کیلی فورنیا کے ڈیمو کریٹ سینیٹر ڈائن فائنسٹائن نے کنیٹی کٹ کیدو ڈیمو کریٹ سینیٹرز، سینیٹر رچرڈ بلیو منتھال اور کرس مرفی کے ساتھ مل کر حملہ آور ہتھیاروں پر پابندی کے ایک بل کی تجدید کا ایک وفاقی بل پیش کیا اور ایسے ہتھیار کی خریداری کرنیوالوں کی کم سے کم عمر بڑھانے کا ایک بل پیش کیا۔