کاٹے دھن کے قریب دیکھا گیا چیتا پکڑا نہ جاسکا ‘ عوام کو چوکسی کا مشورہ

,

   

حیدرآباد /15 مئی ( سیاست نیوز ) مائیلاردیوپلی کاٹے دھن قومی شاہراہ 7 پر کل سڑک پر دستیاب چیتے کا پتہ لگانے میں محکمہ جنگلات اور پولیس کی ٹیمیں دوسرے دن بھی ناکام رہیں ۔ عوام کے ہجوم کو دیکھ کر چیتا بُودویل اسٹیشن سے متصل فارم ہاوز میں گھس گیا تھا جس کی تلاش کیلئے محکمہ جنگلات کی خصوصی ٹیمیں تعینات کردی گئی تھی اور فارم ہاوز کا محاصرہ کرلیا گیا تھا ۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے کل رات فارم ہاوز میں بکریاں اور بھاری مقدار میں ہڈیاں بھی ڈالی تھیں تاکہ چیتے کو پکڑا جاسکے ۔ اس آپریشن کیلئے 23 سی سی ٹی وی کیمرے ، ڈرون کیمروں کا بھی استعمال کیا گیا تھا لیکن جنگلی جانور کا پتہ نہ چل سکا ۔ آج صبح پولیس اور دیگر اعلی عہدیداروں نے فارم ہاوز کا معائنہ کیا جس میں یہ معلوم ہوا کہ چیتا راجندر نگر اگریکلچر یونیورسٹی سے گنڈی پیٹ اور اس کے اطراف کے پہاڑی علاقوں میں بھاگ گیا ہوگا ۔ عہدیداروں نے اس بات کی توثیق کی کہ 24 گھنٹوں کے آپریشن کے باوجود چیتا کے نقل و حرکت کا پتہ نہ لگ سکا اور لیکن عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ۔ جنگلاتی عہدیداروں کو شبہ ہے کہ بھوک کی وجہ سے چیتا مویشیوں کو نشانہ بناسکتا ہے ۔ جانور کی نقل و حرکت کا پتہ چلنے پر ڈائیل 100 پر اطلاع دینے کی خواہش کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ کل صبح 7.30 بجے جنگلات اور پولیس حکام نے چیتا کو پکڑنے آپریشن کا آغاز کیا تھا لیکن انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے ۔