نئی دہلی : پدم وبھوشن ایوارڈ یافتہ کتھک ڈانسر گرو پنڈت برجو مہاراج کا پیر کو دل کا دورہ پڑنے سے دیہانت ہوگیا،ان کی عمر 83 برس تھی۔ انہوں نے دہلی کے ساکیت کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی۔پنڈت برجو مہاراج کے پوتے سوارنش مشرا نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں لکھاکہ میرے داداجی نہیں رہے ۔ وہ 4 فروری 1938 کو ہڈیہ، اتر پردیش میں کتھک ڈانسروں کے خاندان میں پیدا ہوئے ۔پنڈت برجو مہاراج نے ملک اور ملک سے باہر کئی پروگراموں میں کتھک رقص کا مظاہرہ کیا تھا۔ ان کا اصل نام موہن لال مشرا تھا، لیکن ان کی شہرت پنڈت برجو مہاراج کے نام سے ہوئی ۔ وہ لکھنؤ کالیکا بندہ دین گھرانے کے فنکار تھے ۔