کجریوال سچے محب وطن ،زیادہ دیر تک انہیں جیل میں نہیں رکھا جاسکتا

   

انڈیا اتحاد کی مہاریالی میں سنیتا کجریوال نے ملک کی 140 کروڑ عوام کیلئے کجریوال کا پیغام پڑھ کر سنایا

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے کنوینر اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں کروڑوں لوگ رہتے ہیں، اس لیے مسٹر کیجریوال زیادہ دن جیل میں نہیں رہ سکتے ہیں۔ وہ سچے محب وطن ہیں اور وہ بہادری سے لڑ رہے ہیں۔محترمہ کیجریوال نے انڈیا گروپ کے مہاریلی میں کجریوال کا پیغام پڑھتے ہوئے کہا کہ آج میں ایک بڑے ہندوستان کی تعمیر کے لئے ملک کے 140 کروڑ شہریوں سے تعاون مانگتا ہوں اور انہیں ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کی دعوت دیتا ہوں۔ جیل میں بھارت ماتا کے بارے میں سوچتا ہوں وہ بہت دکھی ہے اور درد سے کراہ رہی ہے ۔ جب مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کو دو وقت کا کھانا نہیں ملتا ہے تو بھارت ماتا کو بہت دکھ ہوتا ہے ۔ جب لوگ مناسب علاج کے بغیر مر جاتے ہیں، تو بھارت ماتا خود کو بے بس اور لاچار محسوس کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب کچھ لیڈر صبح و شام لچھے دار تقریریں کرتے ہیں اور شاہانہ زندگی گزارتے ہیں اور اپنے دوستوں کے ساتھ ملک کو لوٹنے میں لگے ہوتے ہیں تو بھارت ماتا کو بہت غصہ آتا ہے ۔ بھارت ماتا ایسے لوگوں سے سخت نفرت کرتی ہے ۔ آئیے ایسا ہندوستان بنائیں جہاں سب کو پیٹ بھر کر کھانا ملے ، ہر ہاتھ کو کام ملے ، کوئی بے روزگار نہ ہو، کوئی غریب نہ ہو، کوئی ناخواندہ نہ ہو۔ سب کو اچھی تعلیم، اچھا علاج ملے گا، ملک کے کونے کونے میں 24 گھنٹے بجلی ملے ، سڑکیں اچھی ہوں۔ ہم ایک ایسا ہندوستان بنائیں گے جہاں کوئی اونچ نیچ نہیں ہوگی، محبت اور بھائی چارہ ہوگا۔سنیتا کجریوال کے مطابق کیجریوال نے انڈیا گروپ کی جانب سے ہم وطنوں کو چھ ضمانتیں دیں۔ پورے ملک میں 24 گھنٹے بجلی کا بندوبست کریں گے ۔ کہیں بھی بجلی کی کٹوتی نہیں ہوگی۔ پورے ملک کے غریبوں کو مفت بجلی فراہم کریں گے ۔ ہر گاؤں میں بہترین اسکول بنائے جائیں گے ۔ ہر گاؤں اور محلہ میں محلہ کلینک بنائے جائیں گے ۔ ہر ضلع میں بہترین ہسپتال بنائیں گے ۔ ملک کے ہر فرد کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کریں گے ۔ سوامی ناتھن کی رپورٹ کے مطابق کسانوں کو ایم ایس پی پر ان کی فصلوں کی صحیح قیمت فراہم کی جائے گی۔ ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح دہلی کو بھی مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔سنیتا نے کہا کہ ہندوستان میں یہ آمریت نہیں چلے گی، ہم لڑیں گے اور جیتیں گے ۔چیف منسٹر دہلی اور کنوینر عام آدمی پارٹی اروند کجریوال کو شراب پالیسی اسکام میں انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ گرفتار کرلیا اور وہ اُس کی حراست میں ہے ۔